گذشتہ سال میں عوام کو حکومتی سطح پر مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا‘ایم این اے رانا مبشر اقبال

غریب عوام مہنگائی ، بیروزگاری ، معاشی بدحالی ، جھوٹے وعدوں اور دعوؤں کے سوا کچھ حاصل نہیں کرسکی

جمعہ 1 جنوری 2021 14:36

گذشتہ سال میں عوام کو حکومتی سطح پر مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا‘ایم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2021ء) پاکستان مسلم لیگ نواز کے رکن قومی اسمبلی ،ایم این اے رانا مبشر اقبال نے سال نو کے آمد پر عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں امید ظاہر کی ہے نیا سال عوام کیلئے نئی خوشیاں، مضبوط جمہوریت ، روشن مستقبل اور ترقی کی نوید بن کر طلوع ہوگا۔ انشاء اللہ سال 2021 ء پاکستان کی ترقی، عوام کے روزگار اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔

انہوں نے اللہ پاک سے دعا کی کہ پورے ملک عالم اسلام پوری دنیا کو امن، محبت اور ترقی کا گہوارہ بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا مزید کہا کہ 2021ء کا سال موجودہ حکومت سے چھٹکارے کا سال ثابت ہوگا اور آنے والے سال میں جمہوریت اور جمہوری ادارے نہ صرف مستحکم ہوں گے بلکہ جمہوریت دشمن قوتوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ رواں سال میں عوام کو حکومتی سطح پر مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا۔

(جاری ہے)

غریب عوام مہنگائی ، بیروزگاری ، معاشی بدحالی ، جھوٹے وعدوں اور دعوؤں کے سوا کچھ حاصل نہیں کرسکی۔ عوام کو پی ٹی آئی کی حکومت سے توقع تھی کہ وہ ان کے مسائل حل کرے گی لیکن حکومت نے مسائل حل کرنے کے بجائے مسائل میں مزید اضافہ کیا۔ اس وقت بھی حالت یہ ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کو تیار نہیں۔گیس، بجلی کا بحران بدستور جاری ہے ، جبکہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے جو غریب عوام پر اس سال کا آخری تحفہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ جب تک اس حکومت کا خاتمہ نہیں ہوجاتا عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے کیونکہ یہ حکومت عوام دشمن حکومت ثابت ہوئی ہے اور اس نے سوائے عوام کی تکلیف میں اضافے کے اب تک کچھ نہیں کیا ہے بلکہ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں نے اس کی رہی سہی ساخت بھی تباہ کردی ہے۔ پورے سال میں وفاقی حکومت کی طرف سے نہ تو کوئی ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور نہ ہی عوامی سطح پر کوئی ریلیف دیا گیا جو ظلم کی انتہا ہے۔