سعودی عرب کا تاحیات ویزہ حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ کون ہیں؟

زارا البلوشی ’المیراث‘ اور ’ہیلو ہائے‘ سمیت کئی معروف عربی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 1 جنوری 2021 16:27

سعودی عرب کا تاحیات ویزہ حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ کون ہیں؟
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جنوری2021ء) سعودی حکومت کی جانب سے گزشتہ سال مستقل اقامہ کی سکیم متعارف کرائی گئی تھی جسے حاصل کرنے والے غیر ملکی 99 برس تک سعودی عرب میں مقیم رہ سکتے ہیں ۔ انہیں یہاں کاروبار کرنے کی بھی سہولت ہو گی اور وہ جب چاہیں مملکت سے باہر چلے جائیں اور جب مرضی ہو، واپس آ سکتے ہیں۔پاکستان سے تعلق رکھنے والی اداکارہ زارا البلوشی نے بھی سعودی عرب کی یہ مستقل شہریت حاصل کر لی ہے۔

بہت سے پاکستانی زارا البلوشی کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے عرب نیوز کی خصوصی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 39 سالہ زارا البلوشی سعودی عرب میں ہی پاکستانی والدین کے گھر پیدا ہوئیں، جو سعودی اسکولوں میں ہی تعلیم حاصل کرنے کے باعث عربی زبان مہارت اور روانی سے بولتی ہیں۔

(جاری ہے)

اپنی خوبصورتی اور جاندار اداکاری کی وجہ سے وہ ’المیراث‘ اور ’ہیلو ہائے‘ سمیت کئی معروف عربی ڈراموں میں جلوہ گر ہو چکی ہیں۔

جنہوں نے حال ہی میں سعودی عرب میں تاحیات رہائش کا اجازت نامہ حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ’پریمیئم ریزیڈینسی کارڈ‘ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ”اب میں اس مملکت کو اپنا ابدی گھر“ کہہ سکتی ہوں۔ انہوں نے عرب نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ اب وہ پوری بے فکری سے اپنا شوبز کیریئر جاری رکھ سکتی ہیں اور جب چاہیں ویزہ پابندی سے بے پرواہ سعودی عرب سے جا سکتی ہیں اور واپس آ سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ زارا البلوشی نے 8 لاکھ سعودی ریال ادا کر کے سعودی عرب کی تاحیات شہریت حاصل کر لی ہے۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ زارا نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا”میں سعودی حکام کے مجھ پر اعتماد اور مستقل رہائشی اقامہ عطا کرنے پر ان کا بہت شکریہ ادا کرتی ہوں۔ میری خوشی بیان سے باہر ہے۔ سعودیہ میں ہی رہنا اور یہیں سرمایہ کاری کرنا ایک شاندار بات ہے۔

میں اسی سرزمین پر جینا اور مرنا چاہتی ہوں۔“ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے مملکت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مستقل اقامہ کی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ جو لوگ اکٹھی 8 لاکھ سعودی ریال کی رقم ادا کر دیں انہیں مملکت میں اہل خانہ سمیت 99 سال قیام کی اجازت مل جاتی ہے، جبکہ ایک اور اسکیم کے تحت بھی سعودی عرب میں لمبے عرصے تک رہائش اختیار کی جاسکتی ہے۔ اس اسکیم کے تحت سالانہ ایک لاکھ ریال ادا کرنا ہوتے ہیں۔ سال کی مُدت پوری ہونے پر اقامے کی مُدت میں مزید ایک سال کے اضافے کے لیے دوبارہ ایک لاکھ ریال ادا کرنے پڑتے ہیں۔
سعودی عرب کا تاحیات ویزہ حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ کون ہیں؟