پاکستان میں سال نو کے چاند اور سورج گرہن دکھائی نہیں دیں گے

سال 2021 میں 2 سورج اور 2 چاند گرہن ہوں گے،محکمہ موسمیات

جمعہ 1 جنوری 2021 23:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2021ء) پاکستان میں سال نو کے چاند اور سورج گرہن دکھائی نہیں دیں گے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2021 میں 2 سورج اور 2 چاند گرہن ہوں گے، تاہم پاکستان میں اس سال کے چاند اور سورج گرہن دکھائی نہیں دیں گے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سال کا پہلا سورج گرہن 10 جون کو ہوگا، یہ جزوی سورج گرہن ہوگاجو ایشیا، افریقہ،یورپ،افریقہ اور مغربی امریکا میں دیکھا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

سال کا دوسرا اور آخری سورج گرہن4 دسمبر کو ہوگا جو مکمل سورج گرہن ہوگا، جسے امریکا، جنوبی امریکا، پیسیفک، اور انٹارکٹکا میں دیکھا جاسکے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال کا پہلا چاند گرہن 26 مئی کو ہوگا جو مکمل چاند گرہن ہوگا، یہ چاند گرہن اسٹریلیا، یورپ، جنوب مشرقی ایشیا اور شمالی پیسیفک میں دیکھا جاسکے گا۔ دوسرا چاند گرہن19 نومبر کو ہوگا، جو جنوبی اور مشرقی امریکا ، آسٹریلیا اور یورپ کے مختلف علاقوں میں دیکھا جاسکے گا۔