ہم گھات لگائے بیٹھے ہیں، اسرائیل کی ایران اور حزب اللہ کو وارننگ

قاسم سلیمانی کے مارے جانے کے بعد ایران کمزور، عسکری طور پر اس کی جارحیت کا امکان بھی کم ہو گیا ہے،اسرائیلی ذرائع

بدھ 13 جنوری 2021 16:30

ہم گھات لگائے بیٹھے ہیں، اسرائیل کی ایران اور حزب اللہ کو وارننگ
تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2021ء) اسرائیلی فوج کے ذرائع نے ایک بار پھر باور کرایا ہے کہ اسرائیلی فوج پوری طرح چوکنی ہے اور لبنانی سرحد پر حزب اللہ ملیشیا کی کسی بھی قسم کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے کسی بھی کارروائی کا لبنان میں اہداف کو بھرپور نشانہ بنا کر جواب دیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے مزید بتایا کہ حزب اللہ اب بھی کسی اسرائیلی فوجی کا شکار کرنے کی کوشش میں مصروف ہے تا کہ گذشتہ برس ستمبر میں شام میں ہونے والے فضائی حملے میں مارے گئے ذمے دار کا حساب چکتا کر سکے۔

شام میں ایرانی ملیشیائوں کو نشانہ بنانے کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے شام پر اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اب یہ تناسب 10 روز میں 3 حملوں کا ہو گیا ہے جو اس سے قبل ہر 3 ہفتوں میں ایک حملے کا تھا۔ذرائع نے زور دیا کہ اسرائیلی حملوں میں ایرانی اور شامی روایتی میزائلوں اور ریڈاروں پر توجہ مرکوز ہوتی ہے۔اسرائیلی عسکری ذرائع نے مزید کہا کہ القدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کے مارے جانے کے بعد تہران کم زور ہو گیا ہے اور عسکری طور پر اس کی جارحیت کا امکان کم ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عراق کے علاقے القائم میں ایران کے طویل مار کرنے والے میزائل موجود ہیں۔ اسی طرح یمن میں بھی ایسے میزائل موجود ہیں جو اسرائیلی شہر ایلات تک پہنچ سکتے ہیں۔اسرائیلی ذرائع زور دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج اور پینٹاگان کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔