پیپلز لیگ کا تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بامعنی مذاکراتی عمل کی ضرورت پر زور

بدھ 13 جنوری 2021 17:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ’’پیپلز لیگ ‘‘ نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ایک بامعنی مذاکراتی عمل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیپلز لیگ کے ترجمان یاسر احمد نے ایک بیان میں کہا کہ اسلام آباد قصبے میں منعقد ہ تنظیم کے ایک اجلاس میںکہا گیا کہ مذاکرات برائے مذاکرات سے تنازعہ کشمیر کبھی حل نہیں ہوگا بلکہ یہ مسئلے تینوں فریقوںبھارت ، پاکستان اور کشمیریوں کے درمیان بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہو گا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا جموںوکشمیر پیپلز موئومنٹ نے مرحوم قاضی عبدالواحد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جموں میں ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا ۔ عبدالواحد گزشتہ ہفتے برطانیہ میں انتقال کر گئے تھے۔ حریت رہنما اور جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے اس موقع پر کہا کہ قاضی واحد جموںخطے میں مزاحمتی تحریک کی ایک مضبوط آواز تھے ۔ انہوںنے کہا کہ مرحوم کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اہم کردار ادا کیا ۔ اجلاس میں ایم شفیع ٹھوکر، عبداللہ ملک ، نذیر ملک ، عبددالجبار ، اعجاز وانی، عبدالحمید خان، قاضی غلام محمد اور دیگر شریک تھے۔