محمود خان اچکزئی نے سرکاری گوداموں پر حملے کا فتویٰ جاری کرنےکا مطالبہ کردیا

’’مولانافضل الرحمان فتویٰ دیں کہ لوگ بھوک میں سرکاری گوداموں کو لوٹ لیں‘‘ محمود خان اچکزئی کا احتجاجی جلسے سے خطاب

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 19 جنوری 2021 19:18

محمود خان اچکزئی نے سرکاری گوداموں پر حملے کا فتویٰ جاری کرنےکا مطالبہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2021ء) اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی جلسے میں محمود خان اچکزئی نے بھوک میں سرکاری گوداموں کو لوٹنے کا فتویٰ جاری کرنے کا مطالبہ کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوششوں کی روش کو جاری رکھتے ایک مرتبہ پھر متنازع بیان دے دیا ہے ۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی جلسے میں محمود خان اچکزئی نے عوام کو لوٹ مار کے لیے اکسانے کی کوشش کی، اپنے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیا کہ فضل الرحمان فتویٰ دیں کہ بھوک میں سرکاری گوداموں کو لوٹ لیا جائے۔ محمود خان اچکزئی پی ڈی ایم جماعتوں کے احتجاجی جلسوں میں اس سے قبل بھی کئی مرتبہ متنازع بیانات دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر ہونے والے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج حکمرانوں کوایک نمونہ دکھایا ہے کہ جب لانگ مارچ ہوگا تو کیا ہوگا۔ 8 اگست 2018ء کو اسی جگہ مظاہرہ کرکے الیکشن کو متفقہ طور پر مسترد کیا تھا، آج بھی کہتے ہیں یہ حکومت منتخب نہیں ، اس کو ملک پر حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات نہیں کرواسکے، کچھ طاقتور اداروں نے الیکشن پر قبضہ کیا ، مرضی کے نتائج مرتب کیے، قوم پر ڈفلی بجانے والے کو مسلط کردیا، جس کے پاس معیشت چلانے ، سیاست کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، ایک نااہل حکمران کو اس لیے کرسی پر بٹھایا گیا کہ یہ احمق سامنے رہے گا اس کے پیچھے طاقتور ادارے حکومت چلائیں گے۔

میں 2012ء کہہ رہا ہوں کہ یہ یہودی ایجنٹ ہے، وہاں سے سپورٹ حاصل ہے، آج پوری قوم پر آشکار ہوگیا ہے کہ ہندوستان اور اسرائیل کے فنڈز پر الیکشن لڑا اور پارٹی تشکیل دی، یہ وہ پیسا ہے کہ 2013ء کے الیکشن کے بعد مجھے بتایا گیا کہ اتنا بڑا پیسا ہے کہ ملک کے گلی کوچوں تک جائے گا، ایک ایک مسجداور ایک ایک مولوی تک جائے گا، مولانا فضل الرحمان تم اکیلے رہ جاؤ گے، تمارا مولوی بھی تمہارے ساتھ نہیں کھڑا ہوگا، پھر دنیا نے دیکھا جب صوبہ خیبرپختونخواہ میں مسجد امام کو ماہانہ 10ہزار دینے کا اعلان کیا تو ایک مولوی نہیں ملا جس نے پیسا قبول کیا، آج پھر اعلان کیا جارہا ہے کہ مساجد کے علماء کو پیسے دیں گے، میں پھرکہتا ہوں کہ یہودیوں اور ہندوؤں کا پیسا تمہارے منہ پر مارتے ہیں، وہ پیسا تمہیں سجتا ہے مولویوں کو نہیں سجتا، کوئی غیرت مند امام ، مولوی یہودیوں اور ہندوؤں کے پیسے پر لعنت بھیجتا ہے، ہم بھوکا سوجائیں گے تمہارے پیسے پر لعنت بھیجتے ہیں۔