پاکستانی نوجوان نے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات جیت لیا

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے طالب علم حسن علی کاسی نے افغانستان میں منعقدہ بین الاقوامی قرآن پاک کی تلاوت کے مقابلہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 21 جنوری 2021 23:40

پاکستانی نوجوان نے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات جیت لیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 جنوری 2021ء) پاکستانی طالبعلم نے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے طالب علم حسن علی کاسی نے افغانستان میں منعقدہ بین الاقوامی قرآن پاک کی تلاوت کے مقابلے سراج الکبیر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامک یونیورسٹی کے نوجوان طالب علم حسن علی کاسی خوش الحانی کے ساتھ تلاوت کرنے میں ماہر ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے آریانہ ٹی وی افغانستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے قرأت کے عالمی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اس مقابلے میں 25 ممالک کے قاریوں نے حصہ لیا۔ پاکستان سے حسن علی کاسی، عراق سے علی فلاح ختان، لبنان سے محمد مہدی اعزالدین، ​​جرمنی سے محمد فہیم اکبر، مصر سے علی محمد علی الطاروطی، اور افغانستان سے احمد بلال غنی زادہ نے بالترتیب چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

تعلیمی میدان سے لے کر دین کی راہ تک پاکستانی نوجوان ہر شعبے میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں، نوجوان قاری حسن علی کاسی اس کی بہترین مثال ہیں جو حافظ قرآن ہیں اور جب کلام پاک کی قرأت کرتے ہیں تو ان کی دل سوز آواز کانوں میں رس گھول دیتی ہے۔ یاد رہے کہ قرآن پاک کی تلاوت کے خاص آداب ہیں اور تلاوت کو خوش الحانی سے ادا کرنے کے فن کو ’’حسن ِقرأت‘‘ کا نام دیا جاتا ہے اور اپنی اسی خوش الحانی کی بدولت حسن علی کاسی قومی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں بھی 8 ٹائٹل جیت چکے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ قرآن خوانی کے پروگراموں اور تراویح ودعا کے سلسلے میں بہت سارے ممالک کا سفر بھی کرچکے ہیں۔ حافظ القرآن بننے کے بعد ، حسن علی کاسی نے امتیازی نمبروں کے ساتھ گریجویشن مکمل کی اور اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں اپنی دینی تعلیم جاری رکھی۔