پولیس نے غیر قانونی اسلحہ کی فروخت میں ملوث اسلحہ ڈیلرز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا

جمعہ 22 جنوری 2021 19:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر کلاشنکوف کلچر کے خاتمے کے لئے جاری مہم کے تسلسل میں ناجائز اسلحہ کی فروخت کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔پولیس نے غیر قانونی اسلحہ کی فروخت میں ملوث اسلحہ ڈیلرز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اقبال ٹاؤن ڈویڑن پولیس نے گذشتہ رات غیر قانونی اسلحہ ڈیلرز پر کریک ڈاون کیا گیا جس کے دوران احمد نامی ایک اسلحہ ڈیلر گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم کے قبضے سے 43 شارٹ گنز،07 جدید آٹومیٹک رائفلیں،09 ریوالورز، 32 پسٹلز اور 25 سو سے زائد گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ ملزم احمد عرصہ دراز سے غیر قانونی طور اسلحہ کی خرید و فروخت کررہا تھا۔پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ نواں کوٹ میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

انچارج انوسٹی گیشن نواں کوٹ انسپکٹر قمر ساجد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملتان روڈ پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی،سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے انسپکٹر قمر ساجد اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے پولیس حکام کو غیر قانونی اسلحہ ڈیلرز کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ اسلحہ کی نمائش کیذریعے شہر یوں کو ہراساں کرنا اور کلاشنکوف کلچر کسی صورت برداشت نہیں۔