ملک میں داخل ہونے والے بارشوں کا سسٹم کئی علاقوں تک پھیل گیا

کل سے کئی شہروں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان، بادل بھی برسیں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 جنوری 2021 23:57

ملک میں داخل ہونے والے بارشوں کا سسٹم کئی علاقوں تک پھیل گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2021ء) ملک میں داخل ہونے والے بارشوں کا سسٹم کئی علاقوں تک پھیل گیا، کل سے کئی شہروں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان، بادل بھی برسیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ اور سردی کی نئی شدید لہر داخل ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواوں کے اس نئے سلسلے کے باعث ملک کے شمالی علاقہ جات میں برفباری اور خیبرپختونخواہ، کشمیر، پنجاب کے بالائی علاقوں اور اسلام آباد میں بارش ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں ہفتہ سے سردی کی نئی لہر آنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقے شدید سرد ہوائوں کے زیر اثر رہیں گے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں ہفتہ سے سردی کی نئی لہر داخل ہونے کا امکان ہے، شہر میں بلوچستان سے نیا موسمی سسٹم داخل ہوگا، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے بیشترعلاقے شدیدسردہوائوں کے زیراثررہیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد اور مغربی سمت سے 19کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔