عثمان بزدار نے9 ہزار کنال سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، داؤد سلیمانی کا الزام

سرکاری زمینوں پر ناجائز کالونیاں بنا کر بیچ رہے ہیں، مطالبہ ہے پنجاب کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے، پی ٹی آئی کا سارا دارومدار جنوبی پنجاب پر ہے۔ پی ٹی آئی کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 27 جنوری 2021 21:02

عثمان بزدار نے9 ہزار کنال سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، داؤد سلیمانی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری 2021ء) تحریک انصاف کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی داؤد سلیمانی نے وزیراعلیٰ پنجاب پرالزام عائد کیا ہے کہ عثمان بزدار نے9 ہزار کنال پر قبضہ کیا ہوا ہے، سرکاری زمینوں پر ناجائز کالونیاں بنا کر بیچ رہے ہیں، مطالبہ ہے پنجاب کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے، پی ٹی آئی کا سارا دارومدار جنوبی پنجاب پر ہے۔

انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں، اس سے بہتر ہوگا کہ ہم استعفیٰ دے کردوبارہ الیکشن لڑ کر آئیں، عمران خان کے ویژن کے ساتھ ہیں، اس بیچارے نے بڑی قربانیاں دیں، اس کا ایک نعرہ تھا، کرپشن سے پاک پاکستان ، کرپشن صرف تونسہ میں نہیں بلکہ پورے پنجاب میں ہے،وزیراعلیٰ کے بھائی کے سرکاری زمینیں جن پر ناجائز کالونیاں بنائیں، ان کو بیچ رہے ہیں، ایک موضع میں تین قبیلے تین تین ہزار کے مالک تھے، لیکن عثمان بزدار نے 9 ہزار کنال پر قبضہ کیاہوا ہے۔

(جاری ہے)

جن پر قبضہ کیا سرکاری رقبے ہیں،آپ وہاں وزٹ کرلیں، پٹواری سے پوچھ لیں، اس کے والد نے موضعے پرجونیجو دور میں 2مربع زمین آزاد کروائی تھی، ان سے سب لوگ تنگ ہیں،اس وقت بھی کم ازکم پانچ سے 9مربعے ان کے قبضے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے پہلا مطالبہ ہے کہ ملاقات کا وقت دیں، وہاں کوئی ترقی نہیں ہورہی، کہتا ڈویلپمنٹ کروارہا ہوں، وہاں کوالٹی چیک کرلیں۔

مطالبہ ہے پنجاب کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے۔دوسری جانب ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ داؤد سلیمانی کے الزامات کو رد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق رکن اسمبلی حنیف پتافی نے خواجہ داؤد کے حلقے میں کام نہ ہونے کا دعویٰ مسترد کردیا ، انہوں نے کہا کہ خواجہ داؤد کے حلقے کے لیے ساڑھے 3 ارب روپے کا پیکج دیا گیا ، جب کہ جنوبی پنجاب میں بھی ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے ایک اور رکن پنجاب اسمبلی سردار احمد علی خان دریشک نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں تمام پی ٹی آئی ارکان متحد ہیں ، خواجہ داوَد کے پیچھے کون ہے بے نقاب کریں گے۔