نوجوان ریاست سے محبت، خدمت ،ملک کے مفاد کو اپنی ترجیحات میں سر فہرست رکھیں ،سردار مسعود خان

نوجوانوں کی آنکھوں کی چمک میں پاکستان کے روشن مستقل کو دیکھتا ہوں،ہر ایک کی کوشش ہونی چاہیے ہم اپنے بچوں کی آنکھوں میں امید ،یقین کی چمک کو قائم و دائم رکھیں ،امید کو ناامیدی میں نہ بدلنے دیں،صدر آزاد کشمیر

پیر 15 فروری 2021 16:21

نوجوان ریاست سے محبت، خدمت ،ملک کے مفاد کو اپنی ترجیحات میں سر فہرست ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2021ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ریاست سے محبت، اسکی خدمت اور ملک کے مفاد کو اپنی ترجیحات میں سر فہرست رکھیں کیونکہ جب ملک اور ریاست خوشحال ہو گی تو ہم میں سے ہر ایک خوشحال ہو گا اور ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو گا۔ میں نوجوانوں کی آنکھوں کی چمک میں پاکستان کے روشن مستقل کو دیکھتا ہوں۔

ہم میں سے ہر ایک کی کوشش ہونی چاہیے کہ ہم اپنے بچوں کی آنکھوں میں امید اور یقین کی چمک کو قائم و دائم رکھیں اور ان کی امید کو ناامیدی میں نہ بدلنے دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مشہور جگن ناتھ نرائن ویدیا سکول کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں اخوت فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن نذیر احمد توینو، سیکرٹری تعلیم سندھ حکومت احمد بخش ناریجو، سکول کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست پاکستان ایک بڑی ریاست ہے جس کے بہت مسائل بھی ہیں جن کو ہم سب نے مل کر حل کرنا ہے اور ان مسائل کو حل کرنے کی بڑی ذمہ داری نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے اس ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت و مشقت کو اپنی عادت ثانیہ اور امانت و دیانت اور سچائی کو اپنا شعار زندگی بنائیں اور اگر وہ ایسا کریں گے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں کامیابی سے نہیں روک سکتی ہے اور جب نوجوان کامیاب ہوں گے تو سارا پاکستان اور ہمارا معاشرہ کامیاب ہو گا۔

ہمارے نوجوان آج اگر یہ عہد کر لیں کہ نہ صرف اپنی زندگیاں سنواریں گے اور ریاست کو درپیش مسائل بھی حل کریں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان کو موجودہ مسائل کے دلدل سے نہ نکالا جا سکے۔ صدر آزاد کشمیر نے نوجوان طلبہ کو یہ ہدایت بھی کی کہ وہ ملک کی خدمت کا جذبہ نہ صرف اپنے اندر پیدا کریں بلکہ آگے بڑھ کر یہ جذبہ دوسروں کے اندر بھی پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں نرائن جگن ناتھ جیسے معیاری تعلیمی ادارے میں علم کی پیاس بجھانے کا موقع مل رہا ہے۔ اس نادر موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے آپ کو علم ، دانش اور آگاہی کے زیور سے آراستہ کر کے ملک و قوم کی خدمت کریں۔ صدر آزاد کشمیر نے ملک کی نامور سماجی تنظیم اخوت فاؤنڈیشن کے بانی امجد ثاقب اور دیگر عہدیداران کو نرائن جگن ناتھ سکول جیسے معیاری تعلیمی ادارے کے بہترین انتظام و انصرام پر مبارک باد دی۔

بعد ازاں صدر سردار مسعود خان نے ملک کی مشہور سماجی تنظیم سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا جہاں تنظیم کے چیئرمین مولانا بشیر فاروقی اور تنظیم کی سینئر مینجمنٹ کے ارکان نے ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے ملک بھر میں اپنے تنظیمی نیٹ ورک کے ذریعے سماجی خدمات پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور اس سلسلے میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ سماجی شعبہ میں کام کرنے والی تنظیموں اور افراد کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ آزاد کشمیر میں اپنی سرگرمیوں کو شروع کرے تو حکومت آزاد کشمیر اس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر ایک ایسا خطہ جو اکثر قدرتی آفات کی زد میں رہتا ہے جہاں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ جیسی تنظیموں کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ آزاد کشمیر کے لیے اپنا ایک فوکل پرسن تعینات کرے جو حکومت آزاد کشمیر سے مل کر تنظیم کی سرگرمیوں کیلئے لائحہ عمل طے کرے۔