وفاقی کابینہ نے کراچی بندر گاہ سے انٹرنیشنل فیری سروس کی منظوری دے دی

بحری جہاز کے ذریعے دنیا بھر کا سستا سفر اب ممکن، وفاقی کابینہ نے پاکستانی عوام کو سستی بین الاقوامی ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کے لیے انٹرنیشنل فیری سروس کی منظوری دی ہے۔ انٹرنیشنل فیری سروس کے آغاز کے بعد کراچی کی بندرگاہ سے بیرون ملک کہیں بھی جانا اب ممکن ہو گا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 22 فروری 2021 21:53

وفاقی کابینہ نے کراچی بندر گاہ سے انٹرنیشنل فیری سروس کی منظوری دے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین، 22 فروری2021ء) اب پاکستانی عوام دنیا بھر کا سستا سفر بحری جہاز کے ذریعے کر سکتے ہیں، وفاقی کابینہ نے کراچی بندرہ گاہ سے انٹرنیشنل فیری سروس کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاکستانی عوام کو سستی بین الاقوامی ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کے لیے انٹرنیشنل فیری سروس کی منظوری دی ہے۔ انٹرنیشنل فیری سروس کے آغاز کے بعد کراچی کی بندرگاہ سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور عمان سمیت بیرون ملک کہیں بھی جانا اب ممکن ہو گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے فیری سروس کو نجی سیکٹر کے ذریعے چلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے ہوائی اڈوں کی طرز پراے این ایف، کسٹم اور دیگر اداروں کے کاونٹرز قائم کیے جائیں گے۔ چئیرمین کے پی ٹی کے مطابق کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی طرح گوادر پورٹ بھی اہمیت کا حامل ہے، ماضی میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے پاس بحری جہازوں کا بہت بڑا فلیٹ تھا کچھ معاشی وجوہات کی بنا پر اس میں کمی واقع ہوئی تاہم اب پی این ایس سی کے جہازوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستانی عوام ایک عرصہ دراز سے حکومت سے انٹرنیشنل فیری سروس کے آغاز کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ گزشتہ حکومتوں نے اِس سروس کا آغاز کرنے کے لیے عوام کو سبز باغ دکھائے، لیکن کسی بھی حکومت نے اِس سروس کا باقاعدہ آغاز نہیں کیا، تاہم پی ٹی آئی حکومت نے عوامی خواہش کو عملی جامہ پہناتے ہوئے انٹرنیشنل فیری سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے باوجود ابھی اِس سروس کے آغاز میں کچھ وقت لگے گا، کیونکہ پاکستان کے پاس پنسجر شپس زیادہ تعداد میں موجود نہیں، تاہم اس سروس کی وفاقی کابینہ کی جانب سے باقاعدہ منظوری کے بعد امید ہے کہ بہت جلد کراچی کی بندرگاہ پر بہت سے پنسجر شپس دیکھنے کو ملیں۔