تحریک انصاف آزادکشمیر کے آئندہ انتخابات میں لینڈسلائیڈ وکٹری حاصل کرے گی‘طاہر کھوکھر

منگل فروری 14:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2021ء) تحریک انصاف آزادکشمیر کے مرکزی رہنما ، سابق وزیر سیاحت وٹرانسپورٹ محمد طاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آزادکشمیر کے آئندہ انتخابات میں لینڈسلائیڈ وکٹری حاصل کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے ملک دشمن و عوام دشمن بیانیہ کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکے گی۔ مہاجرین کشمیر مقیم سرگردھا کے ایک وفد سے گفتگو کرتے طاہرکھوکھر نے کہا کہ پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی کرپٹ سیاسی ٹولے سے نجات کا وقت آ گیا ہے۔

قومی وسائل لوٹنے پر اپنی تجوریاں بھرنے والے اور بیرون ملک اثاثے اور جائیدادیں بنانے والے نام نہاد لیڈر عوام اور ملک کے مخلص اور خیر خواہ نہیں۔ گزشتہ تیس سالوں سے ملک کے وسائل پر قابض ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے حکمران ٹولے نے ایک ہسپتال تک ایسا نہیں بنایا جہاں وہ خود یا اپنے بچوں کا علاج کروانے پسند کرتے ۔

(جاری ہے)

آج ماضی کے حکمرانوں کی پالیسیوں میں ملک قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے جسے عمران خان اپنی بہترین پالیسو ں نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ملک میں تحریک ا نصاف کی پالیسیوں کی بدولت پہلی مرتبہ بہتری کی آثار ظاہرہوناشروع ہوئے ہیں اور ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہوچکا ہے۔ طاہرکھوکھر نے کہا کہ تحریک انصاف مہاجرین کشمیر کی قربانیوں سے آگاہ ہے انہوں نے اپنا گھر بار ، کاروبار سب کچھ پاکستان کی خاطر قربان کیا ماضی کے حکمرانوں نے مجرمانہ غفلت برتنے ہوئے ان کے مسائل پر توجہ نہیں دی اور آج بھی مہاجرین کشمیر آبادکاری جیسے مسائل کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہ تحریک انصاف آزادکشمیر میں بر سراقتدار آ کر مہاجرین کشمیر کے مسائل اولین فرصت میںحل کرے گی۔ مہاجرین کے آباد کاری سمیت بچوں کی تعلیم، صحت اور روزگار کے مسائل حل کئے جائیں گے اور تمام بڑے شہروں میں ماڈل کشمیر کالونیاں بنائی جائیں گی۔ طاہرکھوکھر نے مہاجرین کشمیر سے اپیل کی وہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کی بھرپور سپورٹ کریں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے آزادکشمیر سے کرپٹ سیاسی نظام اور کرپٹ سیاسی ٹولہ کی اجارہ داری ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔