مختار عباسی نامی شخص کا پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سے کوئی تعلق نہیں‘خواجہ عاطف بشیر

منگل 23 فروری 2021 14:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2021ء) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات ونشریات خواجہ عاطف بشیر نے کہا ہیکہ مختار عباسی نامی شخص کا پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس نام کا کوئی شخص پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کارکن ہے ، بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کے مصداق مختار عباسی ویسے ہی بھنگڑے ڈال رہے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف جمہوریت پسند با اصول سیاسی جماعت ہے ، یہ تحریک انصاف کے رہنماء کہلوانے والے پہلے جماعت کی رکنیت حاصل کریں اور رکنیت کے لئے پی ٹی آئی کی تنظیم موجود ہے ، مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں تحریک انصاف کے وارث موجود ہیں مختار عباسی مظفرآباد شہر کی فکر نہ کریں ، مظفرآباد شہر کے غیرت مند عوام وقت آنے پر بہتر فیصلہ کریں گے ، میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مختار عباسی مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر ممبر کشمیر کونسل بنے اور سکیموں کے نام پر مظفرآباد کے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی ، مگر مظفرآباد شہرکے حقیقی عوام نہ تو بکنے والے ہیں اور نہ کوئی انھیں خرید سکتا ہے ، مظفرآباد شہر کے عوام نے ہمیشہ دراندازوں کو عبرت ناک انجام سے دوچار کیا ، انہوں نے کہا بدقسمتی سے اس وقت ایک خاص علاقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی طویل مدت سے مظفرآباد فتح کرنے کی خواہش رہی ہے لیکن مظفرآباد کے غیرت مند عوام دراندازوں کو ہمیشہ منہ توڑ جواب دیتے رہیں گے ، انہوں نے کہاکہ آج مظفرآباد کے عوام کے خیر خواہ بننے والے پہلے مظفرآباد شہر کے عوام کو9 ارب روپے کی واٹر سپلائی اور سیوریج سکیم کی لوٹ کا حساب دیں ، تعمیر نو پروگرام کے تحت واٹر سپلائی سکیم اور سیوریج سسٹم کے 9 ارب روپے ہضم کرنے والے مظفرآباد کے عوام کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے ، موصوف نے بحیثیت ٹھیکیدار شہداء زلزلہ کے 9 ارب روپے پر ڈاکہ ڈالا اور اب اسی لوٹی ہوئی دولت کے ذریعے مظفرآباد کے عوام کے ضمیر خریدنا چاہتے ہیں ، لیکن انھیں انتخابات میں آٹے دال کا بھائو معلوم ہو جائے گا ، خواجہ عاطف بشیر نے کہا کہ مختار عباسی غیر مستقل ایڈریس والے پہلے مظفرآباد شہر میں اپنا مستقل ووٹ درج کروائیں ، دستاویزات کے مطابق موصوف دھان گلی گجر کوہالہ کے مستقل رہائشی ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو آزاد کشمیر کے اندر بھرپور پذیرائی ملی ہے ، آج اللہ کے فضل وکرم سے بیرسٹر سلطا ن محمود چوہدری کی قیاد ت میں تحریک انصاف آزاد کشمیر کی سب سے بڑی قوت بن چکی ہے ، اور آمدہ انتخابات میں تاریخ ساز فتح حاصل کرکے حکومت بنائے گی ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں شمولیت کے لئے ہر فرد کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں لیکن تحریک انصاف کے تنظیمی آئین سے کسی کو کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔