افغانستان میں کورونا وائرس ویکسینیشن مہم شروع، صدر اشرف غنی نے ویکسین لگوائی

منگل 23 فروری 2021 15:57

افغانستان میں   کورونا وائرس  ویکسینیشن مہم شروع، صدر  اشرف غنی نے  ویکسین ..
 کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2021ء) افغانستان میں  کشیدگی میں اضافے کے باوجود کورونا وائرس سے بچائو کے لیے  ویکسینیشن مہم شروع  کر دی گئی ۔ مہم کے دوران ڈاکٹروں، سکیورٹی اہلکاروں اور صحافیوں کو  ترجیحی بنیادوں پر کورونا ویکسین لگائی  جائے گی ۔   فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں رواں ماہ کے آغاز میں کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین  استرا زینیکا  فراہم کی گئی۔

    افغان صدر اشرف غنی نے  کورونا  ویکسین   لگوائی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ  افغانستان میں کورونا  ویکسین مہم  کے  آغاز پر افغان عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ،مہم کے پہلے مرحلے میں لوگوں کو کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں دی  جائیں  گی  جو افغان عوام کے لیے   کورونا وائرس سے بچائو کا بہت بڑا موقع ہے۔

(جاری ہے)

   افغانستان کے قائم مقام وزیر صحت وحید مجروح نے کہا کہ  کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ہمیں کسی معجزے کا انتظارنہیں ہے  اس لیے  کورونا وائرس کے خلاف شروع کی گئی ویکسینیشن مہم  کامیابی سے  عملدرآمد  ہونا چاہیے۔

  افغانستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ کیسز 55 ہزار 600 ہیں اور اب تک 2,430 اموات ہو چکی ہیں ۔واضح رہے کہ   افغانستان میں کشیدگی کے باعث ماضی میں  انسداد پولیو مہم سمیت دیگر  ویکسینیشن مہمات کا  سلسلہ سست روی کا شکار رہا  جس کے باعث منگل کو شروع  کی گئی کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسینیشن مہم  سے متعلق خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے  کہ  ویکیسن کی سپلائی  میں کمی، ویکسین کی ذخیرہ اندوزی اور  رسد سے متعلق معاملات کے باعث یہ سلسلہ سست روی کا شکار ہو سکتا ہے۔