ملک میں غذائی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے کسانوں کے لئے موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے بیجوں کی تیاری وقت کی اہم ترین ضرورت ہے: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر

ان باتوں کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کے شعبہ سیڈسائنس و پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے باہمی اشتراک سے منعقد ہونے والے اجلاس برائے ”پاکستان میں فوڈ سیکورٹی کے حصول کے لئے معیاری بیج کی تیاری و کسانوں تک رسائی“ سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا

جمعرات 25 فروری 2021 19:59

ملک میں غذائی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے کسانوں کے لئے موسمیاتی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا ہے کہ ملک میں غذائی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے کسانوں کے لئے موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے بیجوں کی تیاری وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جسے پورا کرنے کے لئے ماہرین بیج اور جینیاتی سائنس سے وابستہ محققین کو مربوط کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

ان باتوں کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی کے شعبہ سیڈسائنس و پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے باہمی اشتراک سے منعقد ہونے والے اجلاس برائے ”پاکستان میں فوڈ سیکورٹی کے حصول کے لئے معیاری بیج کی تیاری و کسانوں تک رسائی“ سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم بیجوں کی تیاری میں اس قسم کے جین متعارف کرائیں جن کے ذریعے بدلتے ہوئے موسمی حالات اور اس کی وجہ سے فصلوں پر حملہ آور ہونے والے حشرات کے تناظر میں مدافعت زیادہ سے زیادہ پائی جاتی ہو تاکہ ہم آنے والی نسلوں کو خوراک کی وافر مقدار میں فراہمی کے ساتھ ساتھ غذائی کمی جیسے مسائل پر قابو پا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں تصدیق شدہ بیج کی عام کسانوں تک فراہمی کے لئے خاطر خواہ انتظامات موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے لوگ پرائیویٹ سیڈ کمپنیوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ ان سے پہلے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی عرفان عباس نے کہا کہ یہ پراجیکٹ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد دو کی بجائے تین سال میں مکمل کیا جائے گا جس پر حکومت پاکستان نے بجٹ دستاویزات میں 764ملین روپے کی رقم مختص کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تحقیق و ترقی یونیورسٹی کے ذمہ ہو گی جبکہ مارکیٹنگ اور ویلیوایڈیشن کے ساتھ ساتھ ویلیوچین کے امور انڈسٹری سرانجام دے گی۔ ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے کہا کہ یونیورسٹی اکیڈیمیا انڈسٹریل تعلقات کو مضبوط بناتے ہوئے متعدد زرعی و لائیوسٹاک کے شعبہ جات میں کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے بھرپور پیش رفت کر رہی ہے اور اس منصوبے کی وجہ سے کسانوں کو بہترین بیج میسر آ سکے گا۔

ایگرانومی کے سائنسدان ڈاکٹر عرفان افضل نے کہا کہ یونیورسٹی نے سیڈ سائنس میں ایک ڈگری پروگرام کا اجراء کر رکھا ہے اور اس منصوبے کے اجراء کی صورت میں نوجوانوں کو سیڈ سائنس کے مختلف پہلوؤں میں تحقیق کے حوالے سے اپنی صلاحیتیں منوانے کا بھرپور موقع مل سکے گا۔ اجلاس سے پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف، جاوید احمد چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد، محمد یٰسین بیگ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایمبیسڈر سیڈ کارپوریشن فیصل آباد، ڈاکٹر کاشف علی بابا فرید سیڈ کارپوریشن، ڈاکٹر عمران خان ایسوسی ایٹ پروفیسر ایگرانومی، ڈاکٹر شکیل خان ایف اے یو، ڈاکٹر اسلم یوسف سیف سیڈ ملتان، ڈاکٹر عبیدالرحمن سی کے ڈی سیڈ، محمد شفیق ڈی ایم ایگری بزنس ڈویلپمنٹ رفحان میظ، ایم سلمان نعیم میٹروایشیا پرائیویٹ لمیٹڈ، عمر نواز بزنس ڈویلپمنٹ مینیجر اور ڈاکٹر خرم ضیاف اسسٹنٹ پروفیسر انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچر سائنسز نے بھی اظہار خیال کیا۔