سینیٹ انتخابات، سندھ میں تحریک انصاف شدید مشکلات کا شکار

ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی ظہرانے میں شرکت سے آخری لمحات میں معذرت کرلی ایم کیو ایم رہنمائوں کی کچھ مصروفیت تھیں اس لیے وہ لوگ نہیں آسکے، علی زیدی ہم حلف کس بات کا اٹھائیں، ہمیں شک کی نگاہ سے دیکھا جارہاہے، اگر یہ شک والا معاملہ رہا تو ووٹ نہیں دوں گا، ظہرانے کے دوران پی ٹی آئی کے ایک رکن اسمبلی کااظہار ناراضگی ظہرانے میں گھوٹکی سے منتخب تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شہریار شر نے شرکت نہیں کی، ان کا تحریک انصاف کے کسی رہنما یا رکن سے بھی رابطہ نہیں،ذرائع ایم کیو ایم کی ہارس ٹریڈنگ کے خطرے کے پیش نظر اراکین اسمبلی کو اپنی نقل و حرکت سینیٹ انتخابات تک محدود کرنے کی ہدایت

اتوار 28 فروری 2021 18:45

سینیٹ انتخابات، سندھ میں تحریک انصاف شدید مشکلات کا شکار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2021ء) سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں سندھ سے پاکستان تحریک انصاف کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اتوارکوکراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما محمودمولوی نے پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس میں اپنی جماعت کے ارکان اسمبلی اور رہنمائوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

ظہرانے میں گھوٹکی سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شہریار شر نے شرکت نہیں کی، ان کا تحریک انصاف کے کسی رہنما یا رکن سے بھی رابطہ نہیں۔اس ظہرانے کی دعوت ایم کیو ایم پاکستان کو بھی دی گئی تھی۔ ایم کیو ایم کے وفد نے ظہرانے میں شرکت کی حامی بھری تھی۔ اسد عمر اور تحریک انصاف کی مقامی قیادت ایم کیو ایم کے ارکان کا انتظار کرتی رہ گئی لیکن وہ نہ آئے۔

(جاری ہے)

بعد میں ان کی جانب سے ظہرانے میں شرکت سے معذرت کرلی گئی۔ایم کیو ایم کی عدم شرکت پر وفاقی وزیر علی زیدی نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی ایم کیو ایم سے ملاقات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان لوگوں کی کچھ مصروفیت تھیں اس لیے وہ لوگ نہیں آسکے۔ذرائع کے مطابق ظہرانے کے دوران ایک رکن اسمبلی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم حلف کس بات کا اٹھائیں، ہمیں شک کی نگاہ سے دیکھا جارہاہے، اگر یہ شک والا معاملہ رہا تو ووٹ نہیں دوں گا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم نے ہارس ٹریڈنگ کے خطرے کے پیش نظر اراکین اسمبلی کو اپنی نقل و حرکت سینیٹ انتخابات تک محدود کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہیں کراچی بلا لیا ہے، اراکین اسمبلی کو 3 روز تک کراچی میں مخصوص مقامات پر ٹھہرایا جائے گا، تمام اراکین اسمبلی ووٹ ڈالنے ایک ساتھ اسمبلی پہنچیں گے۔ ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے بھی مثبت بات چیت ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ میں پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز میں متحدہ رہنماں سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کی 2 نشستوں کے لئے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کو تیار ہیں لیکن متحدہ کو بھی یوسف رضا گیلانی والی نشست پر مدد کرنا ہوگی۔