کشمیری مجاہدین کا نیا ہتھیار، چپکو بم بھارتی فورسز کے لیے نیا درد سربن گئے

ایسے بموں کی آمد اور استعمال سے کشمیر میں سکیورٹی کی صورتحال ضرور متاثر ہو گی،بھارتی پولیس افسروجے کمار

پیر 1 مارچ 2021 12:38

کشمیری مجاہدین کا نیا ہتھیار، چپکو بم بھارتی فورسز کے لیے نیا درد سربن ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) بھارتی حکام کو خدشہ ہے کہ ریموٹ کنٹرول کی مدد سے چلنے والے چھوٹے سائز کے بم مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کونئی تحریک دے سکتے ہیں۔ ایسے بموں کو چپکو بم کہا جا رہا ہے۔چھوٹے، مقناطیس کی مدد سے گاڑیوں سے چپک جانے والے اور ریموٹ کنٹرول کی مدد سے چلنے والے چپکو بم ان دنوں بھارتی حکام کے لیے ایک مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ایک پولیس افسر وجے کمار نے بتایاکہ ایسے بم اپنی چھوٹی ساخت کے باوجود کافی طاقت ور ہوتے ہیں۔ وجے کمار نے بتایاکہ ایسے بموں کی آمد اور استعمال سے کشمیر میں سکیورٹی کی صورتحال ضرور متاثر ہو گی کیونکہ اس خطے میں پولیس اور سکیورٹی دستوں اپنی گاڑیوں میں کافی زیادہ نقل و حرکت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وجے کمار کا کہنا تھا کہ نئی طرز کے اس ہتھیار کے تناظر میں حکام اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

رکاوٹیں کھڑی کر کے فوجی اور نجی ٹریفک کے راستوں میں فاصلہ بڑھایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی حساس علاقوں میں اضافی کیمرے بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔ فوجی قافلوں کی نقل و حرکت کے نگرانی کے لیے ڈرون بھی استعمال میں ہیں۔کشمیر میں حال ہی میں ایک کارروائی کے دوران پندرہ ایسے بم برآمد ہوئے۔ ایک بھارتی سکیورٹی اہلکار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ پکڑے گئے تمام بم کشمیری ساخت کے یا مقامی سطح پر تیار کردہ نہیں تھے۔ اس اہلکار نے دعوی کیاکہ ان سب کو سرنگوں کے ذریعے یا ڈرون طیاروں کی مدد سے پہنچایا گیا تھا۔