ووٹ ضائع کرنے والے دو افراد جی ڈی اے کے ہیں

اپوزیشن الائنس کے 6 لوگوں نے الائنس کو ووٹ نہیں دیا جن کی تلاش جاری ہے۔ فردوس شمیم نقوی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 مارچ 2021 15:45

ووٹ ضائع کرنے والے دو افراد جی ڈی اے کے ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 مارچ 2021ء) : سینیٹ الیکشن میں حکومت کے لیے بڑا اپ سیٹ ہوا اور اپوزیشن کے سینیٹ اُمیدوار یوسف رضا گیلانی کی جیت ہوئی ۔ اسلام آباد کی جنرل نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی نے پی ٹی آئی کے امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دے دی تھی ، یوسف رضاگیلانی کو 169 ووٹ ملے، جب کہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے تھے۔

قومی اسمبلی سے مجموعی 340 ووٹ کاسٹ ہوئے، اور 7 ووٹ مسترد ہوئے تھے۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی اپوزیشن الائنس کے 6 لوگوں نے الائنس کو ووٹ نہیں دیا جن کی تلاش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ ضائع کرنے والے 2 افراد کا تعلق جی ڈے اے سے ہے، یہ لوگ پاکستان تحریک انصاف کے نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پیر صدر الدین جنرل سیٹ پر الیکشن نہیں جیت سکے، جی ڈی اے نے جو بیانات دیئے وہ منصفانہ نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کے 65 اراکین تھے، اسلم ابڑو اور شہریار شر نے پیسے نہیں لیے تھے، ان کا ضمیر جاگ گیا اب پتہ نہیں کب جاگے گا۔صدر الدین راشدی کو ووٹ کرنے والے 21 اراکین قرآن پاک اور گیتا پر حلف لیں گے،حلف لیا جائے گا کہ انہوں نے ووٹ کسی اور کو یا ضائع نہیں کیا۔جنرل پر ہمیں 163 ووٹ ملے، ٹیکنو کریٹ پر 164 ووٹ پڑے، جیتنے والے امیدوار کو 57 ووٹ پڑے، ٹی ایل پی پر الزام لگاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ووٹ پی پی پی کو دیا ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ کل پیر صدرالدین شاہ صاحب سے بات ہوئی انہیں ہم پر یقین ہے،ہم ایک کمیٹی بنا رہے ہیں جو اس معاملے کی انکوائری کرے گی،جنہوں نے پیر صاحب کو ووٹ نہیں دیا وہ ان کے اپنے لوگ تھے۔