لاہور، شہریوں کو اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کی طرف اہم قدم، ایل ڈی اے اور نیا پاکستان اتھارٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کر دیئے گئے

بدھ 10 مارچ 2021 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2021ء) وزیراعظم پاکستان کی50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے پروگرام کے سلسلے میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کے تحت تعمیر کیے جانے والے چار ہزار میں سے دو ہزار اپارٹمنٹس نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نامزد کردہ شہریوں کو الاٹ کئے جائیں گے۔ یہ اتھارٹی ان افراد کو تین لاکھ روپے فی کس سبسڈی دے گی جو براہ راست منصوبے کے ایسکرو اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔

اس سلسلے میں دونوں محکموں کے درمیان ایم او یو پر دستخط کر دئیے گئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (نیوڈا) کے چیئرمین جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران، واسا لاہور کے واسا چیئرمین شیخ امتیاز محمود اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

نیوڈا کی طرف سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پراجیکٹ بریگیڈئر (ر) امانت علی خان اور ایل ڈی اے کی طرف سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان نے ایم او یو پر دستخط کئے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے لاہو ر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی رہنمائی میں شہریوں کو آسان اقساط پر سستے گھروں کی فراہمی کے لئے ایل ڈی اے اور بینک آف پنجاب کے درمیان پہلے ہی معاہدہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبہ ٹرینڈ سیٹر ثابت ہوگا جس کا فنانشل ماڈل ملک میں سستے گھروں کی تعمیر کے لئے مشعل راہ کا کام دے گا