آئینی اور انسانی حقوق کے لیے آوازاٹھاتے رہیں گے.یوسف رضاگیلانی

ملک کو کئی چیلنج درپیش ہیں، ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا.سینیٹ میں قائدحزب اختلاف کا خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 5 اپریل 2021 12:24

آئینی اور انسانی حقوق کے لیے آوازاٹھاتے رہیں گے.یوسف رضاگیلانی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 اپریل ۔2021ء) سینیٹ میں قائدحزب اختلاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اگر کبھی مشکل پیش آئی تو ہم حکومت کی جانب سے بھی بولیں گے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے بعد ایوان کے پہلے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں جب وزیراعظم تھا تو اگر وزرا کو ایوان میں جواب دینے میں مشکل پیش آتی تھی تو میں جواب دیتا تھا.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جو تکالیف ہیں اس کا تدارک ہم سب نے کرنا ہے، عوام کی ترجمانی ہمارا فرض ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہم سب ایک ہیںانہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ سینیٹ میں زیادہ عمر کے لوگ ہیں لیکن آج دیکھا تو یہاں نوجوان زیادہ ہیں انہوں نے کہا کہ احساس محرومی کو دور کرنے کے لیے ایوان بالا کی تشکیل ہوئی اگر یہ پہلے ہوتی تو سقوطِ ڈھاکہ نہ ہوتا اور نہ ملک دو لخت ہوتا.

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹر بننا بہت مشکل ہے میں رکن قومی اسمبلی کا الیکشن لڑتا رہا اس لیے معلوم نہیں تھس کہ سینیٹر کا انتخاب کتنا مشکل ہے انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حمایت سے سینیٹ انتخاب میں حصہ لیا. اجلاس کے دوران اپوزیشن کی تین جماعتوں مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کی نامزدگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے احتجاج کیا پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سینیٹر شفیق ترین نے کہا کہ ہم 3 جماعتیں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر ایوان میں احتجاج کر رہے ہیں.

ایوان میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے نامزد کردہ سینیٹر اعظم تارڑ نے کہا کہ 12 مارچ کو ایوان میں جو کچھ ہوا وہ سب کو پتا ہے، اپوزیشن لیڈر کے انتخاب میں حکومتی ارکان سے ووٹ لیے گئے. انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر ہمارا دل رنجیدہ ہوا، ہم 27 لوگ اپنی الگ اپوزیشن کے طور پر کردار ادا کرتے رہیں گے اجلاس کے دوران ایوان میں چار آزاد ارکان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعظم تارڑ کی تقریر پر احتجاج کیا، جس پر اعظم تارڑ نے کہا کہ آپ ایوان کا ماحول ٹھیک کروائیں، زبان ہمارے پاس بھی ہے.

انہوں نے کہا کہ 12 مارچ کو خفیہ کیمرے نصب کیے گئے تھے، کیمرے لگا کر ایوان کے تقدس کو پامال کیا گیا، یہ گیم پلان کس کا تھا وہ بے نقاب ہونے چاہئیں اس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یقین دہانی کروائی کہ کیمروں کے معاملے کی تحقیقات کرائیں گے اور اس معاملے کا فرانزک بھی کرایا جائے گا. ایوان میں سینیٹر رضا ربانی نے دستور ترمیمی بل 2021 ایوان میں پیش کیا انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دو ایوانوں کے درمیان اختیارات کی بات ہوتی ہے، قومی اسمبلی کے مقابلے میں سینیٹ کے اختیارات کم ہیں، ایوانوں کے اختیارات برابر ہونے چاہئے.