لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش

بارش اور ہوائیں چلنے کے باعث شہروں کا موسم ٹھنڈا ہوگیا، آںے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی

muhammad ali محمد علی منگل 6 اپریل 2021 23:11

لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل2021ء) لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش برسانے والا شمال مغربی ہوائوں کا ایک سسٹم پنجاب میں داخل ہوگیا جس کے بعد منگل کی شب کو پنجاب کے کئی شہروں میں گرچ چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ بارش اور ہوائیں چلنے کے باعث شہروں کا موسم ٹھنڈا ہوگیا۔

پنجاب کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کے بھی کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی، جبکہ ملک کے شمالی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گلگت بلتستان کے کچھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ شمال مغربی ہوائوں کے سلسلے کے باعث باعث آنے والے دنوں میں لاہور کے ساتھ ساتھ پنجاب کے مختلف شہروں بشمول گوجرانوالہ، راولپنڈی، چکوال،اٹک، جہلم، سرگودھا، گجرات میں بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں میں بھی بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے، جبکہ جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان شہروں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ منگل کے روز اسلام آباد آندھی کی زد میں رہا، آندھی کی رفتار65 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں سال کے 3 ماہ کے دوران ہونے والی بارشوں کے حوالے سے بھی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری تا مارچ کے 3 ماہ کے دوران بارشیں معمول سے 46 فیصد کم ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں موسم سرما کی بارشیں انتہائی کم ہوئی۔اعداد و شمار کے مطابق ان 3 ماہ کے دوران سندھ میں 76 اور بلوچستان میں 77 فیصد بارشیں کم ہوئی ہیں۔