امریکا ایران پر عائد غیر قانونی پابندیاں ختم کرے،چین نے خبردار کر دیا

چین نے ایران کا ہاتھ تھا م لیا،امریکا کے لیے مشرق وسطیٰ میں اثرورسوخ پیدا کرنے کے لیے مزید مشکل پیدا ہو گئی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 8 اپریل 2021 03:14

امریکا ایران پر عائد غیر قانونی پابندیاں ختم کرے،چین نے خبردار کر دیا
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل2021ء) چین اپنی معاشی پالیسی کو لے کر اتنا آگے نکل چکا ہے کہ ایشیائی خطے کے بعد یورپی یونین کو بھی اس نے اپنے حصار میں لینا شروع کر دیا ہے۔پاکستان میں سی پیک کے معاہدے سے چینی معیشت کو بہت بڑا سہارا مل چکا تھا تاہم ایران کی چاہ بہار بندرگاہ لینے کے لیے بھی چین نے ایک قدم آگے بڑھایااور ایران سے ہاتھ ملا لیا یوں امریکا کا اثر و رسوخ محدود ہونا شروع ہو گیااور چین دنیا کی واضح سپر پاور بن کر مزید نکھرنا شروع ہو گیا ہے جبکہ ایران کے ساتھ چین نے اس وقت ہاتھ ملایا ہے جب امریکا بہادر نے ایران پر نیوکلیئر ہتھیار بنانے کے الزام میں معاشی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

لہٰذا جب چین نے ایران سے ہاتھ ملایا ہے تو یہ امریکا کے لیے واضح پیغام تھا کہ وہ کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کرنے سے پہلے تحمل کا مظاہرہ کرے کیونکہ اب ایران کے شانہ بہ شانہ چین آن کھڑا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا چین نے بھی ایران کے ساتھ نئی دوستی کا حق ادا کرنے کے لیے امریکا کو للکارا ہے اور کہا ہے کہ وہ ایران سے پابندیاں ہٹا دے۔چین نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات بحال ہو چکے ہیں، امریکا ایران پر لگائی گئی غیر قانونی پابندیاں ہٹا دے۔

چینی سفیر نے ویانا میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو فوری طور ایران پر لگائی گئی غیر قانونی پابندیاں ختم کر دینی چاہئیں۔ آسٹریا کے شہر ویانا میں ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات میں چین کے علاوہ فرانس، جرمنی اور روس کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔ امریکا کے ساتھ ایران کے براہ راست مذاکرات نہیں ہوئے تاہم امریکی صدر جوبائیڈن نے جوہری معاہدے میں دوبارہ شریک ہونے کا عندیہ دیا ہے۔تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ ایران اور چین کے تعلقات مستقبل میں کیا رخ اختیار کرتے ہیں کیونکہ امریکا کی آنکھ میں ایران بھی کھٹکتا ہے اور چین بھی جبکہ چینی معیشت کی مجبوری کے لیے ایران کو ہاتھ میں رکھنا چینی حکومت کی مجبوری ہے۔