کورونا مثبت کیسز کی شرح میں پھر اضافہ ، 5 ہزار 329 نئے کیسز رپورٹ ، مزید 98 اموات

ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.69 فیصد ہوگئی ، وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد مجموعی طور پر 15 ہزار 124 ہوگئی ، ملک بھر میں عالمی وباء کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 66 ہزار994 ہے ، تقریباً 4 ہزار مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ، این سی او سی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 اپریل 2021 10:17

کورونا مثبت کیسز کی شرح میں پھر اضافہ ، 5 ہزار 329 نئے کیسز رپورٹ ، مزید ..
(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 اپریل2021ء) پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ، 5 ہزار 329 نئے مثبت کیسز سامنے آگئے ، ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.69 فیصد ہوگئی ، ایک دن میں مزید 98 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 49 ہزار 816 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے 5 ہزار 329 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 705,517 ہوگئی ، جن میں سے صوبہ سندھ میں 2 لاکھ67 ہزار 612 کورونا مریض رپورٹ ہوئے ، جب کہ صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 584 رہی ، اس کے علاوہ صوبہ خیبرپختونخوا میں 94 ہزار 880، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 63 ہزار 499 ، صوبہ بلوچستان میں 19 ہزار 999 ، آزاد کشمیر میں 13 ہزار 873 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 070 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں عالمی وباء کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 66 ہزار994 ہے جن میں سے تقریباً 4 ہزار مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 98 افراد کا انتقال ہوا اور عالمی وباء سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 15 ہزار 124 ہوچکی ہے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب پاکستان میں سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں 6 ہزار793 افراد جان کی بازی ہار گئے ، جب کہ صوبہ سندھ میں یہ تعداد 4 ہزار520 ہے ، صوبہ خیبر پختونخوا میں 2 ہزار519، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 591 ، گلگت بلتستان میں 103، صوبہ بلوچستان میں 212 اور اور آزاد کشمیر میں 386 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔