رمضان المبارک میں مہنگائی کا طوفان، مرغی کا گوشت غریب کی پہنچ سے باہر

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں برائلر گوشت کی فی کلو قیمت پھر سے 500 روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی

ہفتہ 17 اپریل 2021 22:42

رمضان المبارک میں مہنگائی کا طوفان، مرغی کا گوشت غریب کی پہنچ سے باہر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل2021ء) رمضان المبارک میں مہنگائی کا طوفان، مرغی کا گوشت غریب کی پہنچ سے باہر، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں برائلر گوشت کی فی کلو قیمت پھر سے 500 روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ماہ صیام میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ شہر کراچی میں ایک بار پھر مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو پر لگ گئے، برائلر گوشت 500 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔

ماہ مبارک میں بھی کراچی کے عوام مہنگائی سے تنگ، بڑھتی قیمتوں پر کمشنر کراچی کی خاموشی نے بڑا سوالیہ نشان اٹھادیا۔چکن کی بڑھتی قیمتوں کا کون ذمہ دار کون ہے دکاندار نے صاف ہاتھ اٹھالیے کہتے ہیں کمزور گردن پر چھری پھیرنا کہاں کا انصاف ہے۔ پیچھے سے گوشت مہنگا ملتا ہے آگے سستا کیسے بیچیں۔

(جاری ہے)

دکانداروں نے حکومت سندھ اور کمشنر کراچی سے پرائس لسٹ پر نظر ثانی کی اپیل کردی کہتے ہیں گوشت کے ریٹ صحیح کیے جائیں۔

دوسری جانب پاکستان شماریات بیورو نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کر دیئے جس کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.54 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح سالانہ بنیاد پر 18.89 فیصد تک پہنچ گئی ،ایک ہفتے کے دوران 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ 11 میں کمی اور 24 میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 15.5 فیصد، ٹماٹر 15 فیصد ،آلو 7 ،آٹے کا تھیلے 2.71 اور چکن 80 پیسے مہنگا ہوا ،لہسن 4 فیصد ،مختلف دالیں 2.58 سے 2 فیصد سستی اور ایل پی جی 1 فیصد سستی ،ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 26 روپے 9 پیسے مہنگا ہوا، آٹا کا 20کلو تھیلا 988 روپے سے زائد کا ہوگیا، ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 16 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے میں کیلے 16 روپے درجن، آلو 3 روپے 17 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، بیف 5 روپے فی کلو اور مٹن 7 روپے 28 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں چاول،زندہ مرغی، گھی اور خوردنی تیل بھی مہنگا ہوا، ایک سال کے دوران سرخ مرچ 139 فیصد ،چکن 91 فیصد اور ٹماٹر 77 فیصد مہنگے ہوئے ،ایک سال میں بجلی کے نرخ 67 فیصد،انڈے 47 اور کیلے 35 فیصد مہنگے ہوئے ۔