تاجر تنظیموں کا علماء کرام کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان

تاجر تنظیموں نے مفتی منیب الرحمان کی کال پر پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 19 اپریل 2021 14:21

تاجر تنظیموں کا علماء کرام کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اپریل2021ء) تاجر تنظیموں نے علماء کرام کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں کی تاجر تنظیموں نے علماء کرام کی جانب سے آج ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔آل کراچی تاجر اتحاد، کراچی تاجر الائنس، کراچی تاجر الائنس، بینکویٹ ہال اسوسی ایشن اور انجمن تاجران سندھ نے اپنے بیانات میں مفتی منیب الرحمان کی کال پر پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

بیانات میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل اور تجارتی مراکز ،مارکیٹیں اور ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کراچی میں پیٹرول اور سی این این جی اسٹیشنز بند کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ لاہور میں آل پاکستان انجمن تاجران اور گوجرانوالہ میں مرکزی انجمن تاجران نے بھی علماءکرام کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

سندھ بار کونسل کی جانب سے لاہور میں پیش آنے والے واقعات کی مذمت کی گئی ہے اور وکلاء کی ہڑتال کا اعلان بھی کیا گیا ہے ہے۔سابق چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی منیب الرحمن نے لاہور میں شہدا واسیران ناموسِ رسالت سے اظہاریکجہتی کے لیے دی جانے والی پہیہ جام شٹرڈائون ہڑتال کے ملک بھر میں کامیاب بنانے پر تمام تاجر برادری ، وکلا عوام الناس اور ٹرانسپورٹر زکا شکریہ اداکیاہے،جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے افراد نے پرامن ہڑتال میں حصہ لے کر رسول اللہ ؓ سے وفاداری کا حق اداکیا اور اپنی دینی ذمے داری کو پورا کیا ہے۔

یاد رہے کہ کل صبح کالعدم تحریک لبیک کےمسلح کارکنوں کا نواں کوٹ تھانے پر حملہ کیا، ڈی ایس پی سمیت دیگر اہلکاروں کو اغوا کرکے مرکز لے گئے،ملتان روڈ پر کالعدم تحریک لبیک کا احتجاج آج بھی جاری رہا۔ تصادم کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت مظاہرین بھی زخمی ہوئے ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مسلح مظاہرین نے نواں کوٹ تھانے پر حملہ کیا۔ حملے کے دوران رینجرز اور پولیس اہلکار تھانے میں محصور ہوگئے، جنہوں نے دفاعی طور پر مظاہرین کو پیچھے دھکیلا، مظاہرین ڈی ایس پی نواں کوٹ کو اغوا کرکے اپنے مرکز لے گئے ۔

مظاہرین نے50 ہزار لیٹر پیٹرول کا ٹینکر بھی اپنی تحویل میں لے رکھا تھا ۔مظاہرین نے پولیس اور رینجرز پر پیٹرول بم سے بھی حملے کیے تھے ۔ گذشتہ روز پولیس نے لاہور میں پر تشدد مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں فوٹیجز کی مدد سے کالعدم ٹی ایل پی کے 70 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا۔