ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کے اہم سٹریٹجک معاملات پر بات چیت کی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 6 مئی 2021 10:23

ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد ..
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6مئی2021ء) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ہمیشہ سے خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔ بلکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے سعودی عرب کو ہمیشہ اپنا بڑا بھائی قرار دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک مشترکہ سرحدی علاقے سے ایک معاہدے کے تحت مل جُل کر تیل نکالتے ہیں۔ ان کے درمیان کبھی کوئی اختلافات یا دیگر مسائل پیدا نہیں ہوئے۔

یوں کہا جا سکتا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایسے مثالی تعلقات قائم ہیں، جن پر کوئی بھی رشک کر سکتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ دنوں بھی اہم سمجھوتے طے پائے ہیں، جس سے ان کی قربتیں مزید بڑھ گئی ہے۔ ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے جدہ میں بدھ کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے اور ان سے دوطرفہ تعلقات اور تزویراتی تعاون کو فروغ دینے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

(جاری ہے)

امارات کی سرکاری ایجنسی وام کے مطابق دونوں رہ نماوٴں نے باہمی دلچسپی کے عرب ، علاقائی اور بین الاقوامی امور کے بارے میں بات چیت کی ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے بعد میں ایک بیان میں کہا ہے کہ ”میں نے اپنے بھائی شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات میں تزویراتی تعلقات اور مشترکہ مقاصد کے بارے میں گفتگو کی ہے۔“انھوں نے مزید کہا ہے کہ ” ہم نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور کے بارے میں بات چیت کی ہے اور اپنے خطے میں استحکام کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پرغورکیا ہے۔“واضح رہے کہ یمن کے تنازع اور دیگر علاقائی معاملات میں متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ سعودی قیادت کا کھُل کر ساتھ دیا ہے۔