پاکستان اور سعودی عرب نے کو آر ڈینیشن کونسل کے قیام سمیت پانچ معاہدوں پر دستخط

معاہدے قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے طے پائے، ایک معاہدہ انسداد منشیات کے حوالے سے تھا،دوسرے معاہدے کی رو سے سعودی عرب پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سی500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کریگا ، وزیر خارجہ

ہفتہ 8 مئی 2021 12:56

پاکستان اور سعودی عرب نے کو آر ڈینیشن کونسل کے قیام سمیت پانچ معاہدوں ..
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2021ء) پاکستان اور سعودی عرب نے وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان کو آر ڈینیشن کونسل کے قیام سمیت پانچ معاہدوں پر دستخط کر دیئے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے وفودکی سطح پر مذاکرات ہوئے پاکستان کی طرف سے وزیراعظم عمران خان اور سعودی عرب کی جانب سے سعودی ولی عہد شہزاد ہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے وفود کی سطح پر مذاکرات میںسعودی وفد کی قیادت کی۔

بات چیت میں دو طرفہ روابط سمیت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، پاکستانی محنت کشوں کیلئے روزگار کے امکانات اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود سمیت دو طرفہ مجموعی تعلقات کااحاطہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ۔وزیر خارجہ خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان پانچ اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ،ایک معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان کوآرڈینیشن کونسل کے قیام کے حوالے سے ہوا،دو معاہدے باالترتیب قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے طے پائے جن پر وزیر خارجہ شیخ رشید صاحب نے دستخط کئے ،دو معاہدوں پر میں نے دستخط کئے ان میں سے ایک معاہدہ انسداد منشیات کے حوالے سے تھاجبکہ دوسرے معاہدے کی رو سے سعودی عرب پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سی500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا ،اس رقم کو پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، آبی وسائل کی ترقی اور ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کیلئے خرچ کیا جائے گا ۔

رپورٹ کے مطابق ماحولیات کے شعبہ میں تعاون کا معاہدہ ہوا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی منصوبوں کے بارے میں فریم ورک ایگریمنٹ، میڈیا کے شعبہ میں تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت، دونوں ممالک کے درمیان ورکرز ریکروٹمنٹ کے بارے میں ایم او یو ،منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے مفاہمت کی یادداشت شامل ہیں۔