لاہور،(ن) لیگ اور پی پی کے ادوار میں گندم کی پیداوار 20کلو ،ایک من تک بڑھی، ہم نے دو سالوں میں تین من اضافہ کیا ،جمشید اقبال چیمہ

اتوار 9 مئی 2021 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2021ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریسرچ اینڈ فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالہ دور میں گندم کی پیداوار میں20کلو جبکہ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور میں ایک من پیداوار بڑھی جبکہ اس کے مقابلے میں ہمارے دور کے صرف دو سالوں میں گندم کی پیداوار میں تین من اضافہ ہو اہے ،پنجاب اور سندھ کے کئی علاقوں میں گندم کی پیداوار کو 51من تک حاصل کرنے کی طرف کامیابی سے پیشرفت کر رہے ہیں ،بلین ٹریز سونامی کو نئے سرے سے لانچ کر رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ہم فروٹس اورویجی ٹیبل کی پیداوار میں اضافے کے لئے اس کے کاشت کے ایریا کو بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ گند م کی فصل کیلئے سرد موسم زیادہ موزوں ہوتا ہے لیکن ہمارے ہاں اس فصل کو سرد موسم کم میسر آتا ہے ، ہم کپاس اور رائس میں بیج کی ایسی اقسام لا رہے ہیںجو ستمبر تک میچور ہو جائے تاکہ گندم کی فصل جلد کاشت ہو اور اسے زیادہ سرد موسم میسر آ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی او رمسلم لیگ (ن) اپنے ادوار میں زراعت پر توجہ دینے کے دعوے تو کرتے ہیں لیکن نواز شریف کے پانچ سالہ دور میں گندم کی پیداوار میں صرف 20کلو جبکہ آصف زرداری کے پانچ سالہ دور میں ایک من اضافہ ہوا جبکہ اس کے مقابلے میں ہم نے دو سالوں میںپیداوار میں تین من اضافہ کیا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ پنجاب اور سندھ کے کچھ علاقوں میں اس پیداوار کو 51من تک لے کر جائیں جس کی طرف کامیابی سے پیشرفت جاری ہے۔

جمشید اقبال چیمہ نے مزید بتایا کہ ایڈیبل آئل کی امپورٹ کو ختم کرنے کیلئے ہم 1.7ملین پودے لگانے جارہے ہیں ،تین ڈویژن اس کی کاشت کے لئے انتہائی موزوں ہیں اور ہم اس کی بھی ڈرائیو چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فوڈ ٹیکنالوجی کی یونیورسٹیاں بنا رہے ہیں ، اس کے علاوہ ہر یونیورسٹی میں ایک ڈیپارٹمنٹ بنا رہے ہیں ، میٹرک اور ایف ایس سی کے نصاب میں نیوٹریشن ویلیو کے حوالے سے نصاب شامل کر رہے ہیں