Live Updates

حنید لاکھانی کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پراسرائیلی جارحیت کی مذمت

پیر 10 مئی 2021 15:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2021ء) رہنما تحریک انصاف حنید لاکھانی نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پراسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں فلسطینی مسلمانوں پر نمازکے دوران گولہ باری نہ صرف بزدلانہ کارروائی ہے بلکہ یہ عالمی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے ،ثابت ہوگیا ہے کہ بھارت کے بعد اسرائیل دنیا کاسب سے بڑادہشت گردملک ہے ،اسرائیل اس مقدس سرزمین پر قابض ہونے کے لیے نہتے فلسطینوں پر قہر بن کر ٹوٹ رہاہے لہذا تمام مسلم ممالک اور عالمی برادری اس مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو لگام ڈالیں تاکہ فلسطین کی زمین مزید خون خرابے سے بچ سکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہو نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی نوجوانوں پر مسجد اقصیٰ میں ہینڈ گرنیڈ آنسو گیس کی شیلنگ ربڑ اور دھاتی گولیوں سے حملے کیے جارہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی کے ناجائز تسلط نے فلسطینیوں کو اپنے ہی گھر سے بے گھر کیاہواہے ،فلسطینی قوم اس وقت اپنی بقاکی جنگ لڑرہی ہے ہزاروں جانوں کا نزرانہ دینے کے باوجود آج بھی فلسطینی قوم کا بچہ بچہ قبلہ اول کی حفاظت کے لیے مرمٹنے کے لیے تیار ہے ، انہوں نے کہاکہ اس وقت جہاں بھارت کا ایسا ہر طرزعمل کشمیر میں جاری ہے بلکل اسی طرح سے اسرائیل نے اپنا ناپاک وجود فلسطین پر مسلط کیاہواہے جبکہ دونوں ممالک کی سوچ بھی ایک ہے اور ارادے بھی ایک ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک اس میدان میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے بھی نہیں پیچھے ہٹتے ،انہوں نے مزید کہاکہ جہاں مسجد اقصیٰ کے درودیوار کو نقصان پہچانے اور نمازیوں کو پنجگانہ نماز میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں وہ اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرکے ان کو سڑکوں پر لے آئی ہے لہذا فوری طورپر انسانی حقوق کی تنظیموں سے ہم اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لے کر اسرائیلی بربریت کورکوائے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات