ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی کا امکان مسترد کردیا

قومی اسمبلی سے اپوزیشن 160 نشستیں خالی کر دیتی تو اس کا اثر ہوتا تاہم پیپلز پارٹی کے جانے سے اب نشستیں خالی کرنے سے وہ اثر نہیں ہوگا جو ہم چاہتے ہیں۔ رہنماء مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 12 مئی 2021 15:19

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 مئی 2021ء ) پاکستان مسلم لیگ ن نے عید کے بعد پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی کا امکان مسترد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے ناراضگی ذاتی نہیں اصول توڑنے پر ہے ، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کی کرسی لینے کے لیے اعتماد توڑا گیا ، حکومتی ارکان کو اٹھا کر اپنے ساتھ ملایا گیا، حکومت کو بجٹ اجلاس میں اپوزیشن سے نہیں اپنے اندر سے خطرہ ہے، قومی اسمبلی سے اپوزیشن 160 نشستیں خالی کر دیتی تو اس کا اثر ہوتا تاہم پیپلز پارٹی کے جانے سے اب نشستیں خالی کرنے سے وہ اثر نہیں ہوگا جو ہم چاہتے ہیں۔

دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے پی ڈی ایم متحد ہونے کا عندیہ دے دیا ، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سب کو ساتھ لے کر چلیں تو چیزیں بہترہوسکتی ہیں، پی ڈی ایم اب بھی متحد ہوسکتی ہے، بلاول بھٹو عید کے بعد پنجاب کے دورے کریں گے ، آج مہنگائی کی وجہ سے لوگ خود کشیاں کررہے ہیں ، پارلیمنٹ میں لوگوں کو بات کرنے کا موقع ملنا چاہئیے ، میرے دوراقتدار میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا ، سیاسی استحکام کے بغیرمعاشی استحکام نہیں آسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے ، ہمیں عدالت کے فیصلے کے بعد بات نہیں کرنی چاہیے ، عدالتی فیصلوں کے بعد ڈیل کی باتیں نہیں کرنی چاہیے ، مجھے نہیں پتہ کہ شاید میں بھی بلیک لسٹ یا ای سی ایل پر ہوں ، گزشتہ سال مجھے ایئرپورٹ پر روک دیا گیا تھا ، ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ آپ کا نام ای سی ایل پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشاب الیکشن کے بارے میں بلاول بھٹو لاعلم تھے ، مجھے بھی بطور وائس چیئرمین خوشاب الیکشن کا علم نہیں تھا ، خوشاب الیکشن میں امیدوار کا پارٹی قیادت کو علم ہوتا تو رزلٹ مختلف ہوتا ، ڈسکہ کی سیٹ مسلم لیگ ن کی تھی ، پی ڈی ایم کے فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں ، بلاول بھٹو نے عید کے بعد پنجاب کے دورے کا فیصلہ کیا ہے ، جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے تمام انتخابات میں اپوزیشن کامیاب ہوئی ، بطور اپوزیشن ہماری کارکردگی بہت بہتر رہی ہے ، پی ڈی ایم اب بھی متحد ہوسکتی ہے ، اگر مولانا فضل الرحمان سب کو ساتھ لے کر چلیں تو چیزیں بہتر ہوسکتی ہیں ، مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں۔