ج*چودھری برادران نے نماز عید گجرات میں سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے ادا کی

چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی، چودھری جاوید چٹھہ اور خاندان کے دیگر افراد نے عید سادگی سے منائی ۔قبلہ اول کی بے حرمتی پر کوئی مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا، مسجد اقصیٰ اور فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری نوٹس لے

ہفتہ 15 مئی 2021 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2021ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی سمیت چودھری جاوید چٹھہ اور خاندان کے دیگر افراد نے گجرات میں سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے نماز عیدالفطر ادا کی۔ اس موقع پر فلسطینی اور کشمیری بھائیوں، کورونا متاثرین اور وطن عزیز کے دفاع و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ اس پرمسرت موقع پر مستحق افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں تاکہ ان کی محرومیاں کم ہو سکیں۔ چودھری برادران نے قوم سے اپیل کی کہ یہ عید روائتی انداز کی بجائے کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے سادگی سے منائی جائے، یقینا یہ مشکل وقت ہے احتیاط کے ذریعہ کورونا سے بچنا ہے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عیدکے موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور ان کی جدوجہد کو یاد رکھناہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نکالے بغیر خطے میں امن کا خواب نہیں دیکھا جاسکتا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مسجد اقصیٰ اور فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل میں صیہونی فوجیوں کی بربریت پر عالمی برادری کی خاموشی نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول کی بے حرمتی پر کوئی مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا، انسانی حقوق کے ادارے اسرائیلی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور اس کو روکنے کیلئے عالمی برادری مداخلت کرے۔

چودھری پرویزالٰہی نے قوم کو عید کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ابھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، عید پر اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت سب کی ذمہ داری ہے، عوامی اجتماعات پر جانے سے گریز کریں اور باہر نکلنے پر ماسک پہننے اور سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائی