گھر تباہ ہوگئے، ”فلسطینی بچے ننھی منی مچھلیاں بچا کر خوش“ ویڈیو وائرل

فلسطین کے معصوم بچوں کے بلند حوصلوں کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 16 مئی 2021 07:31

گھر تباہ ہوگئے، ”فلسطینی بچے ننھی منی مچھلیاں بچا کر خوش“ ویڈیو وائرل
غزہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2021ء ) عید پر اسرائیلی بمباری سے تباہی کے باوجود بلند حوصلہ فلسطینی بچوں نے امید کا دامن نہیں چھوڑا، فلسطینی بچے اپنی ننھی منی مچھلیاں بچا کر اتنے خوش دکھائی دے رہے ہیں جیسے انہیں دنیا کی پوری دولت مل گئی۔فلسطینی بچوں کی مچھلیاں بچانے پر خوش ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے اور صارفین کی جانب سے بچوں کے بلند حوصلے کو سراہا جارہا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی نوجوان اور بچے اسرائیلی فوج کی فائرنگ، شیلنگ اور بمباری کا مقابلہ پتھروں سے کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں گزشتہ رات بھر اسرائیلی جنگی طیاروں کی متعدد ٹھکانوں پر بمباری میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد بھی شہید ہو گئے، حملوں میں گزشتہ چھ روز میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 140 ہوگئی جن میں 39 بچے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اب تک غزہ شہر میں 800 سے زیادہ مقامات کو نشانہ بنایا جس میں متعدد عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں۔فلسطینی شہری اسکولوں اور مسجدوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں جبکہ وحشیانہ حملوں کے باعث 10 ہزار سے زائد فلسطینی گھر چھوڑنے پر مجبور ہیں۔دوسری جانب حماس کے راکٹ حملوں میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔جبکہ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے غزہ کی سرحد پر فوج بھیجنا شروع کر دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ وہ زمینی آپریشن شروع کر سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی اپیل کے باوجود اسرائیل وزیراعظم نے حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب حماس نے اسرائیلی شہر اشکلون پر راکٹوں سے حملہ کیا جس میں 6 اسرائیلی اور ایک غیر ملکی شہری مارا گیا۔ اسرائیل میں عرب آباد کاروں اور یہودیوں میں بھی جھڑپیں ہوئی جس کے بعد 400 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

اسرائیل کے اندر بھی مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان شدید کشیدگی ہے اور جگہ جگہ جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد قابض فورسز نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں کو گرفتار کرلیا جبکہ جھڑپوں میں درجنوں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس اتوار کو طلب کرلیا ہے، اسرائیلی اور فلسطین کے لیے امریکی مندوب ہادی عمر بھی مصالحت کے لیے تل ابیب پہنچ گئے ہیں۔