مسلمان ممالک کو اسرائیل کے دہشت گردانہ اقدام کیخلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔شازیہ عباس کھاکھی

منگل 18 مئی 2021 22:53

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2021ء) فلسطینی بچوں، مردوں اور عورتوں کو شہید کرنا کھلی دہشت گردی ہے۔ مسلمان ممالک کو اسرائیل کے دہشت گردانہ اقدام کیخلاف آواز بلند کرنی چاہئے۔ اسرائیلی بربربیت کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منائیں گے۔ ان خیالات کا اظہارایڈیشنل جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی خواتین ونگ ضلع ملتان شازیہ عباس کھاکھی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ فلسطین میں دہشت گرد ریاست اسرائیل کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین پامالی اور مسجد اقصی پر غاصب اسرائیلی فوج کے دہشت گردانہ حملے اور مظلوم اور نہتے فلسطینی بچوں، مردوں اور عورتوں کو شہید کرنا کھلی دہشت گردی ہے۔

(جاری ہے)

بیت المقدس ناموس امت مسلمہ کی علامت ہے اور انبیاکی سرزمین ہے،نبی کریم ﷺنے سفر معراج وہاں سے شروع فرمایا تھا۔شازیہ عباس کھاکھی نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں سے عالمی برادری حرکت میں آرہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان پہلے دن سے دنیا کے ہر ہر کونے پر مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف ٹھوس آواز بلند کرتے آرہے ہیں۔ انہوں نیکہا کہ حلقہ پی پی 222 کے عوام دعاگو ہیں کہ فلسطین میں ظلم کے اندھیرے چھٹ جائیں اور امن کا سورج طلوع ہو جائے۔