ملکی دفاع جنگجو اور پیشہ ورانہ فوج کے ہاتھوں میں ہے، وزیر اعظم

پاک فوج نے دشمن کے سازشی منصوبے ناکام بنا ئے ہیں، سخت محنت اور ایک قوم بن کر اسلامی اصولوں کے مطابق ریاست آگے بڑھ سکتی ہے ، عمران خان کا کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب

بدھ 2 جون 2021 00:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی دفاع جنگجو اور پیشہ ورانہ فوج کے ہاتھوں میں ہے، پاک فوج نے دشمن کے سازشی منصوبے ناکام بنا ئے ہیں، سخت محنت اور ایک قوم بن کر اسلامی اصولوں کے مطابق ریاست آگے بڑھ سکتی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے منگل کو کوئٹہ کا دورہ کیا اور کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔

افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے اپنے دشمن اور پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کامیابی سے ناکام بنانے میں بے مثال نتائج حاصل کئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا دفاع پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ اور جنگجو صلاحیتوں کی وجہ سے ناقابل تسخیر ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے قانون کی حکمرانی،وسیع تر احتساب اور انصاف پر مبنی پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے اپنے ویژن پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلامی اصولوں اور ہمارے عظیم رہنماؤں علامہ اقبال اور قائد اعظم کے نظریات کے مطابق ایک خوشحال ریاست کا قیام اسی صورت عمل میں لایا جاسکتا ہے جب ہم بطور قوم مستقل مزاجی کے ساتھ سخت محنت کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زراعت،صنعت،ٹیکنالوجی اور آٹو میشن جیسے متعدد شعبہ جات میں ترقی کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لارہی ہے۔وزیراعظم نے شرکاء سے کہا کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے ناکامی کے خوف کے بغیر اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے کوششیں کریں۔وزیراعظم کا کمانڈ اینڈ سٹاف کالج آمد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،کمانڈر کوئٹہ کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے استقبال کیا