محمد رضوان کی بطور ٹی ٹونٹی بلے باز کامیابی نے بہت متاثر کیا : اینڈی فلاور

رضوان کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ آپ مہارت اور اپنے کھیل کے بارے میں آگاہی ہونے کے باعث کیا کچھ کرسکتے ہیں: کوچ ملتان سلطانز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 جون 2021 17:01

محمد رضوان کی بطور ٹی ٹونٹی بلے باز کامیابی نے بہت متاثر کیا : اینڈی ..
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جون 2021ء ) ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور نے ابوظہبی میں ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)6 کے باقی میچز سے پہلے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی تعریف کی ہے۔ اینڈی فلاور کا خیال ہے کہ رضوان جو ملتان کے کپتان ہیں ، نے ٹی ٹونٹی بلے باز کی حیثیت سے اپنی گیم میں بہتری لاکر سب کو حیران کیا ہے۔ اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم نے پی ایس ایل 6 کے پہلے ہاف میں واقعی عمدہ بیٹنگ کی، رضوان نے یقینی طور پر بہترین بیٹنگ کی، ان جیسے کھلاڑی کو دیکھ کر حیرت ہوتی ہے جن پر ٹی ٹونٹی کھلاڑی نہ ہونے کا دھبہ لگادیا جاتا ہے، اس طرح کے کھلاڑی کو دیکھ کر یہ معلوم ہوتا ہے کہ آپ مہارت اور اپنے کھیل کے بارے میں آگاہی ہونے کے باعث کیا کچھ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے رضوان کے ساتھ ساتھ اس گروپ کی قیادت کرنے پر بہت فخر ہے۔ اینڈی فلاور کا مزید کہنا تھا کہ مجھے لگتا تھا کہ ہمارے پاس اننگز کے شروع اور آخر میں وکٹیں لینےوالے بائولرز کی کمی تھی ۔ ہماری ڈیتھ بولنگ اتنی ہنر مند نہیں تھی جتنی آپ کو فلیٹ پچوں ، فاسٹ آؤٹ فیلڈز اور اوس سے متاثرہ میدانوں پر ہدف کا دفاع کرنے کے لیے ضرورت ہوتی ہے۔

یہ باؤلرز کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے لیکن ہم اتنے اچھے نہیں تھے جو بہت واضح تھا۔ اگر ہمیں پلے آف کیلئے کوالیفائی کرنا ہے تو وہی وہ شعبے ہیں جن میں ہمیں بہتری لانے کی ضرورت ہے ، بلے کے ساتھ ان اعلی معیار کو برقرار رکھنا اور رضوان جیسے اہم کھلاڑیوں نے ایک بار پھر بڑی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے لیے پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی کرنا مشکل ہے، کھلاڑی اس حقیقت سے واقف ہے اور کسی کو ہم سے ایسی توقع بھی نہیں ہے اس لیے مجھے توقع ہے کہ ہمارے کھلاڑی بقیہ میچز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھائیں گے ۔

یاد رہے کہ ملتان سلطانز اس وقت پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر 5 میچز میں صرف ایک کامیابی کے ساتھ 2 پوائنٹس لیکر5ویں نمبر پر ہے۔