سیالکوٹ ضمنی الیکشن، ق لیگ نے پی ٹی آئی کو اپنا امیدوار دے دیا

سیالکوٹ چیمبر کے صدر قیصر بریار کو ٹکٹ ملنے کا امکان، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مشاورتی اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جون 2021 13:29

سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 جون 2021ء ) سیالکوٹ سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے مسلم لیگ ق نے پی ٹی آئی کو اپنا امیدوار دے دیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 میں اگلے ماہ 8 2 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد میں شامل مسلم لیگ ق کی جانب سے اپنا امیدوار دے دیا گیا ، جس کے بعد امکان ہے کہ سیالکوٹ چیمبر کے صدر قیصر بریار کو ٹکٹ دیا جائے گا ، قیصر بریار ق لیگ پنجاب کے صدر سلیم بریار کے چھوٹے بھائی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ پی پی 38 میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا ہے ، اجلاس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، پی ٹی آئی پنجاب کے صدر سینیٹر اعجاز چوہدری اور حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی سیالکوٹ کی ضلعی قیادت بھی شریک ہوگی ، مشاورتی اجلاس کے بعد قیصر بریار کو ٹکٹ ملنے کا اعلان بھی متوقع ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پی پی 38 سیالکوٹ کی نشست سے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی خوش اخترسبحانی چند روز قبل انتقال کرگئے تھے ، جہاں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا گیا جہاں ایک بار پھر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں سخت مقابلے کی توقع ہے ، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقے میں ضمنی الیکشن کے لیے 28 جولائی کو میدان سجے گا جب کہ پی پی 38 ضمنی انتخاب کیلیے امیدوار 7 جون سے 10 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست 11 جون کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 18 جون تک کی جائے گی ، جس کے بعد امیدوار ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف 22 جون تک اپیلیں دائر کرسکیں گے، جب کہ امیدواروں کو یکم جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔