پاکستان اور بھارت کے عوام امن عمل آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں،آغا سید منتظر مہدی

جمعرات 10 جون 2021 18:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںجموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے رہنماء آغا سید منتظر مہدی نے بھارت اور پاکستان کی سول سوسائٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ دونوںممالک کو قریب لانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا سید منتظر مہدی نے سرینگر سے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں’’پاک بھارت تعلقات میں سول سوسائٹی کے کردار ‘‘کے موضوع پر منعقدہ ایک ویبنار سے ویڈیوخطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تین جنگوں کے باوجود دونوں ممالک کے عوام کے پاس امن عمل آگے بڑھانے میں کردار ادا کرنے کا اہم موقع موجود ہے چونکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان عوامی سطح پر دشمنی کے جذبات موجودنہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے دونوںممالک کے درمیان مثبت توانائیوں کا مناسب استعمال نہیں کیاگیا۔آغا منتظر مہدی نے کہا کہ دونوں ممالک کی سول سوسائٹیوں اور میڈیاکو تمام تصفیہ طلب مسائل خصوصاًتنازعہ کشمیر کے حل اورکشیدگی میں کمی کیلئے تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے اور کسی بھی ایسی مہم جوئی کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے جس سے خطے کا امن و سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہو ۔