پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دیدی

بابراعظم کے 85 ناٹ آئوٹ رنز رائیگاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 جون 2021 21:57

پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دیدی
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دیدی ۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 16ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان عماد وسیم نے پہلے ہی اوور میں ٹیم کو کامیابی دلاتے ہوئے رحمٰن اللہ گرباز کو چلتا کردیا۔

کپتان محمد رضوان اور صہیب مقصود نے سکور کو 40 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر صہیب کی 14 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ نئے بلے باز رلی راؤسو نے بھی رضوان کا بھرپور ساتھ نبھایا اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے جس میں بائیں ہاتھ کے بلے باز کا حصہ 44 رنز رہا۔ 108 کے مجموعی پر کراچی نے تیسری کامیابی اس وقت حاصل کی جب تھیسارا پریرا نے روسوو کی قیمتی وکٹ حاصل کر لی۔

(جاری ہے)

اسی اوور میں باؤنڈری سے شاندار تھرو کے نتیجے میں کپتان رضوان پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔ ویسٹ انڈیز سے آئے شیمرون ہٹمائر کی اننگز بھی 7 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور یوں سلطانز پانچویں وکٹ بھی گنوا بیٹھے۔خوشدل کا ساتھ دینے سہیل تنویر آئے اور دونوں نے اختتامی اوورز میں ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے48 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

کراچی کنگز نے ہدف کے تعاقب میں انتہائی سست روی سے بیٹنگ کی جس کے باعث بلے باز دباو کا شکار رہے اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ شرجیل خان 4 رنز پر رن آؤٹ ہوئے اور مارٹن گپٹل 16 گیندوں پر صرف 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز نے 11.3 اوورز میں تین وکٹیں گنوا کر 77 رنز درکار تھے اور انہیں فتح کے لیے 51 گیندوں پر مزید 100 رنز درکار تھے، ایسے میں بابر اعظم کا ساتھ دینے چیڈوک والٹن آئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی اور 10 رنز سے زائد کی اوسط سے بیٹنگ کرتے ہوئے سلطانز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا۔ اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب والٹن 23 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے بابر کے ہمراہ 77 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔ اس شراکت کے خاتمے کے ساتھ ہی کراچی کنگز کی جیت کی امید بھی دم توڑ گئی اور ملتان سلطانز نے میچ میں 12 رنز سے فتح حاصل کر لی۔

واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کی ٹیم دوسرے اور ملتان سلطانز کی ٹیم صرف ایک فتح کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ میچ کے لیے کراچی کنگزمیں عماد وسیم(کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، نجیب اللہ زدران، چیڈوک والٹن، تھسارا پریرا، قاسم اکرم، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال شامل ہیں جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم محمد رضوان(کپتان)، رحمٰن اللہ گرباز، رائلی روسو، شیمرون ہٹمائر، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، عمران خان، عمران طاہر اور شاہنواز دھانی پر مشتمل ہے۔