آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں متعدد افراد جاں بحق

تشویش ناک واقعات بلوچستان کے ضلع کوہلو میں پیش آئے، کئی علاقوں میں طوفانی ژالہ باری نے بھی تباہی مچا دی

ہفتہ 12 جون 2021 21:45

کوہلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون2021ء) آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں متعدد افراد جاں بحق، تشویش ناک واقعات بلوچستان کے ضلع کوہلو میں پیش آئے، کئی علاقوں میں طوفانی ژالہ باری نے بھی تباہی مچا دی ۔تفصیلات کے مطابق ضلع کوہلو کے نواحی علاقے یونین کونسل سفید اور نسائو میں موسلادھار بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں 9سالہ بچہ و خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ واقع میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو ریفر کردیا گیا ہے آخری اطلاعات آنے تک دونوں زخمیوں کی حالات خطرے سے باہر بتائی گئی ہے مزید کاروائی جا ری ہے ۔

دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواوں کا سسٹم ملک کے بیشتر علاقوں پر اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ شب کو ملک کے کئی علاقوں میں آندھی کے بعد گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پنجاب میں کئی شہروں سے بارش اور ژالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ خاص کر آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں طوفانی ژالہ باری ہوئی جس کے لوگ خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔ کئی علاقوں میں انڈے کے حجم جتنے اولے پڑے جس کی وجہ سے گاڑیوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل جاری محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 11 جون سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

بارشوں کا یہ سلسلہ 11 جون سے 14 جون تک کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، بالائی خیبر پختو نخوا اورشمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواوئوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش برسائے گا۔ جبکہ بارشوں کے اس سلسلے کے بعد بھی رواں ماہ میں مزید بارشوں کے سلسلوں کی آمد کی نوید سنائی گئی۔ بتایا گیا کہ جون کے آخری 2 ہفتوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم بہتر رہے گا۔

جون کے آخری 2 ہفتوں کے دوران بارشوں کے 2 سے 3 سلسلوں کی آمد کی توقع ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں سال مون سون جون کے آخری ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان میں 27 سے 30 جون کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔اعلامیے کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران مون سون بارشیں معمول کے قریب ہوں گی، مون سون کرنٹس سب سے پہلی جنوب مشرقی سندھ یعنی تھرپارکر اور اردگرد کے علاقوں میں داخل ہوں گے۔کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔