حریت رہنماؤں اور تنظیموں کا سوپورمیں بے گناہ شہریوں کے قتل کی شدیدمذمت

بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے جو مظلوم کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے‘اقوام متحدہ نوٹس لے

اتوار 13 جون 2021 14:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میںحریت رہنماؤں اور تنظیموں نے سوپورمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کے قتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز سوپور قصبے کے علاقے آرم پورہ میں اندھا دھند فائرنگ کرکے تین بے گناہ شہریوں کو شہیدکیاتھا۔

واقعے پرعلاقے کے لوگوں نے بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔حریت رہنما جاوید احمد میر نے ضلع بارہمولہ کے علاقے ڈانگر پورہ پنزی نارہ اورسرینگر کے علاقے رعناواری میں تعزیتی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں کے قتل کی مذمت کی اور ان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس کا اظہارکیاکہ بھارتی فورسز نے مسلم اکثریتی علاقے میں ہمیشہ شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں شہریوں کا قتل کوئی نئی چیز نہیں ہے بلکہ بھارتی فوجیوں نے 1990ء سے گائو کدل قتل عام سے چوٹا بازار اور ہندوارہ قتل عام تک سینکڑوں معصوم شہریوں کو شہید کیا ہے۔حریت رہنما جہانگیر غنی بٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے سوپور میں شہریوں کے سفاکانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے بنیادی چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید ملک، جموں و کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران اور کشمیری صحافی اور پیپلز ایسوسی ایشن کے کنوینر خالد شبیر نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں مقبوضہ جموں کشمیر میں قتل وغارت کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے جو مظلوم کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیر ی عوام کے پیدائشی حق ، حق خوداردیت کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کرے۔