حکومت کی پوری کوشش ہے کہ سندھ بھر میں کورونا ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جائے،سید ناصر شاہ

ویکسین کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے قانون سازی کی جا رہی ہے، وزیراطلاعات سندھ

پیر 14 جون 2021 20:46

حکومت کی پوری کوشش ہے کہ سندھ بھر میں کورونا ویکسی نیشن کی سہولت فراہم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے حکومت کی پوری کوشش ہے کہ سندھ بھر میں کورونا ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ سب لوگ ویکسین لگواسکیں،سندھ حکومت کے ملازمین کو بھی ویکسین لگانے کے لئے پابند کیا گیا ہے ، ویکسین کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے قانون سازی کی جا رہی ہے، کے ایم سی کے پانچ اسپتالوں میں ویکسی نیشن سینٹر فعال کردیئے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز اور تمام ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سرفراز رفیقی شہید اسپتال میں قائم کئے گئے کورونا ویکسی نیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد ،سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عبدالحمید جمانی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سرفراز رفیقی اسپتال امیر محمد سولنگی کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی، قبل ازیں وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر کورونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کیا اور ویکسی نیشن کے لئے فراہم کی گئیں سہولیات کا جائزہ لیا، وزیربلدیات سندھ نے کہا کہ کورونا کی وباء سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ تمام لوگ ویکسی نیشن کرائیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں اسی مقصد کے تحت ہر علاقے میں لوگوں کے لئے ویکسی نیشن مراکز قائم کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہر جگہ ویکسی نیشن کا انتظام ہوجانے کے بعد سندھ حکومت کے ملازمین کی تنخواہیں اور موبائل فون کی سم بھی ویکسی نیشن کے ساتھ مشروط کردی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کے حوالے سے غلط اور بے بنیاد اطلاعات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، کے ایم سی کے پانچ مراکز پر آج سے ویکسی نیشن سینٹر فعال کردیئے ہیں اور ان میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے، سب سے درخواست کرتے ہیں کہ برائے مہربانی ویکسی نیشن کرائیں، اپنے لئے اپنے ملک کے لئے تاکہ اس وباء سے بچا جاسکے، انہوں نے کہا کہ فائزر ویکسین لگانے کے لئے دیگر ملکوں میں پڑھنے کے لئے جانے والے طالب علموں اور ان لوگوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جو بیرون ملک کاروبار کے لئے جاتے ہیں، اس کے بعد دیگر لوگوں کو بھی یہ ویکسین لگائی جائے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے اپنی بساط کے مطابق کام کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جائے، ویکسی نیشن کے لئے عام لوگوں کو بھی مختلف پروگراموں کے ذریعے ترغیب دی جارہی ہے، ویکسین لگوانے کے بعد کافی حد تک اس وباء سے محفوظ رہا جاسکتا ہے جن لوگوں کو کورونا ویکسین کے غیرقانونی سرٹیفکیٹ جاری کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے مہمان خصوصی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ، واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پانچ اسپتالوں میں کورونا ویکسی نیشن سینٹر قائم کئے گئے ہیں جن میں سرفراز رفیقی شہید اسپتال نیو چالی، عباسی شہید اسپتال ناظم آباد، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نارتھ ناظم آباد، اسپنسر آئی اسپتال لی مارکیٹ اور لانڈھی میڈیکل کمپلیکس شامل ہیں جبکہ دیگر اسپتالوں میں بھی جلد ویکسی نیشن سینٹر قائم کردیئے جائیں گے، ان تمام مراکز پر کے ایم سی کے ملازمین کے علاوہ عام لوگوں کو بھی ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔