Live Updates

مایوس اپوزیشن لڑائی جھگڑے پر اتر آئی، بجٹ ہر صورت منظور کرائیں گے‘ فردوس عاشق

اپوزیشن پارلیمنٹ میں خواتین ارکان پر تشدد کر کے نیب، اینٹی کرپشن اور عدالتوں کا غصہ حکومت پر نکال رہی ہے عثمان اور شہباز کا کوئی موازنہ نہیں، شوباز اور رنگ باز نے قومی خزانہ ناناجی کی حلوائی کی دکان سمجھ کر لوٹا‘ پریس کانفرنس

بدھ 16 جون 2021 22:56

مایوس اپوزیشن لڑائی جھگڑے پر اتر آئی، بجٹ ہر صورت منظور کرائیں گے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وفاق اور صوبے کے بجٹ میں عوام، کسانوں، ہیلتھ اور ایجوکیشن اور بزنس کمیونٹی سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے طبقات اور افراد کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا ہے ۔ماضی کے حکمران، شاہی خاندان اور ظل سبحانی کے جواری و حواری صوبہ پنجاب کو 12سو ارب روپے کا مقروض کرکے گئے تھے جسے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن اور ہدایات کے روشنی میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ان کے ٹیم کی شبانہ روز محنت اور لگن نے بیمار اور خستہ حال معیشت کو درست کرکے ایسا بہترین بجٹ پیش کیا جس میں اپوزیشن جماعتیں کیڑے نہ نکال سکیں۔

یقینا اپوزیشن نے وفاق اور صوبے کا بجٹ نہیں پڑھا اورروایتی وا ویلا اور شور مچا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی سی آفس سیالکوٹ میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ہیلتھ ریفارمز کا وعدہ کیا تھا۔حکومت پنجاب صوبے کی سو فیصد آبادی کی مفت ہیلتھ انشورنس کیلے ایک کھرب روپے قومی ہیلتھ کارڈ پر خرچ کرنے جارہی ہے اور2کروڑ92لاکھ لوگ ہیلتھ کیئر کا حصہ بننے جارہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کے مشن کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار نے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھ دی ہے۔ اراکین قومی اسمبلی کے مابین ہونے والے تصادم پر تبصرہ کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہاکہ اپوزیشن نے روایات کا خیال نہ رکھتے ہوئے اسمبلی کو کھاڑے میں تبدیل کردیا۔ اپوزیشن کے اراکین نے قومی اسمبلی میں خواتین سے بدتمیزی کی ان کو زخمی کیا اور ان کی بے توقیری کرکے جمہوری روایات کو پامال کیا۔

عوام دوست بجٹ پر کرپٹ اپوزیشن مایوسی کا شکار ہوکر اپوزیشن لڑائی جھگڑے پر اتر آئی ہے۔ اپوزیشن عدم برداشت کی شکار ہے ۔ان کا یہ رویہ کمزور جمہوری رویوں کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر ایک دوسرے کو گالی گلوچ کرکے ایوان کا تقدس پامال کیا گیا۔ملیکہ بخاری کو اپوزیشن نے زخمی کیا اورپر امن کو ماحول کو خراب کیا گیا۔اسپیکر پر دوہری ذمہ داری آگئی ہے۔

بجٹ صرف حکومت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے اس کوپاس کروانا ہمارا آئینی حق ہے اور ہر صورت میں بجٹ کو پارلیمنٹ سے منظور کروائیں گے۔ اپوزیشن بجٹ میںاپنا آئینی کردار ادا کرے۔اپوزیشن پارلیمنٹ کو پہلوانوں کا اکھاڑا بنا کر نیب، اینٹی کرپشن اور عدالتوں کا غصہ حکومت پر نکال رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے میں ری ایکشن دکھانے کا ٹرینڈ بن گیاہے عوام کوایکشن بھی دکھائیں۔

اپوزیشن کا ایک ہی درد ہے کہ انہیں ہر حال میں اقتدارچاہیئے تا کہ شاہی خاندان کالوٹ کھسوٹ کا دور واپس آسکے۔اپوزیشن سن لے، قانون ہاتھ میں لینے کا رویہ کام نہیں آئے گا۔ ہم نے معیشت کو دیئے گئے زخموں کی مرہم پٹی کرکے عوام کی خدمت کا عزم کیا ہوا ہے اور سابق حکومتوں کی سیاہ کاریوں کو بے نقاب کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ عثمان اور شہباز کا کوئی موازنہ نہیں، شوباز اور رنگ باز کے دور میں قومی خزانہ کو ناناجی کی حلوائی کی دکان سمجھ کر لوٹا گیا۔2017اور 2018میں وزیر اعلی پنجاب کے آفس کا نان سیلری خرچ 20کروڑ 21 لاکھ تھا جس میں 2020-21 میں40فیصدکمی واقع ہوئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات