پاکستان میں پھنسے سعودی اقامہ ہولڈرز اور محنت کشوں کیلئے بڑی خبر

پاکستان سے سعودی عرب کیلئے مسافر پروازوں کے جلد دوبارہ آغاز کی خوشخبری سنا دی گئی، سفری پابندیوں کے خاتمے کیلئے سعودی اور پاکستانی حکام کے درمیان بات چیت جاری

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 جون 2021 22:53

پاکستان میں پھنسے سعودی اقامہ ہولڈرز اور محنت کشوں کیلئے بڑی خبر
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون2021ء) پاکستان میں پھنسے سعودی اقامہ ہولڈرز اور محنت کشوں کیلئے بڑی خبر، پاکستان سے سعودی عرب کیلئے مسافر پروازوں کے جلد دوبارہ آغاز کی خوشخبری سنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر بلال اکبر کی جانب سے کئی ماہ سے پاکستان میں پھنسے سعودی اقامہ ہولڈرز اور محنت کش پاکستانیوں کیلئے اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کیساتھ بات چیت جاری ہے، جلد پاکستان سے سعودی عرب کیلئے مسافر پروازیں بحال ہو جائیں گی۔ بلال اکبر کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہزاروں پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستانی سفارت خانے نے سعودی عرب میں پھنسے 7 ہزار پاکستانیوں کی تفصیلات سعودی حکام کو فراہم کر دی ہیں، ان پاکستانیوں کو پاکستان واپس بھجوانے کی درخواست کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یہاں واضح رہے کہ سعودی عرب نے عالمی وبا کرونا وائرس کے پھیلاو کی وجہ سے گزشتہ برس دنیا بھر کیلئے کمرشل فلائٹ آپریشن بند کر دیا تھا۔ اس پابندی کے باعث کسی بھی ملک سے کمرشل پرواز کو سعودی عرب آمد کی اجازت نہیں تھی۔ یہ پابندی ایک سال سے زائد عرصے تک برقرار رہی اور پھر گزشتہ ماہ سعودی حکومت نے ملک میں کمرشل فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا۔

تاہم جنوبی ایشیاء میں کرونا وائرس کی بھارتی قسم کے پھیلاو کی وجہ سے سعودی عرب نے پاکستان اور بھارت سمیت 20 ممالک سے کمرشل پروازوں کی آمد پر تاحال پابندی ختم نہیں کی۔ اس پابندی کی وجہ سے چھٹیوں پر پاکستان آئے ہزاروں سعودی اقامہ ہولڈرز سعودی عرب واپس جانے سے قاصر ہیں۔ تاہم اس صورتحال میں سعودی حکومت نے پاکستان میں پھنسے ان اقامہ ہولڈرز کی سہولت کیلئے ان کے اقامہ، ویزہ کی مدت میں بنا فیس کے کئی مرتبہ اضافہ کیا ہے، تاہم سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد یہ افراد سعودی عرب آسانی سے لوٹ سکیں۔