شاہ محمودقریشی کی قطر کے وزیرِ خارجہ سے ملاقات ،ْدو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال

دونوں وزرائے خارجہ کاپاکستان اور قطر کے مابین کثیرا لجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

جمعہ 18 جون 2021 23:34

شاہ محمودقریشی کی قطر کے وزیرِ خارجہ سے ملاقات ،ْدو طرفہ تعلقات ،باہمی ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی میں جاری انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر قطر کے وزیرِ خارجہ محمد بن عبدالرحمان ال تھانی کیساتھ ملاقات کی۔دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین گہرے دیرینہ، برادرانہ تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قطر کے مابین کثیرا لجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے قطر کی معاونت اور تعمیری کردار کا معترف ہے ،بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس افغان مسئلے کے مستقل حل کا ایک نادر موقع موجود ہے ۔