سکیورٹی صورتحال، سیاسی قیادت اہم فیصلوں کیلئے یکم جولائی کو سر جوڑ کر بیٹھے گی

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس طلب، ملکی سکیورٹی، فضائی اڈوں کے امریکی مطالبے، افغانستان اور مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرغورہوگا، اعلیٰ عسکری حکام پارلیمانی قیادت کو قومی سلامتی کے ایشوز پران کیمرہ بریفنگ دیں گے۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 جون 2021 13:08

سکیورٹی صورتحال، سیاسی قیادت اہم فیصلوں کیلئے یکم جولائی کو سر جوڑ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جون2021ء) ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر غور اور اہم فیصلوں کے لیے سیاسی قیادت یکم جولائی کو سر جوڑ کر بیٹھے گی۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس یکم جولائی کو طلب کرلیا گیا ہے ، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی سلامتی کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کیا ہے ، پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس یکم جولائی کو 3 بجے بلایا گیا ہے ، جس میں اعلیٰ عسکری حکام بھی شرکت کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کے اس اہم اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شرکت کریں گے ، اس کے علاوہ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری ، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف اورسیینٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی بھی شریک ہوں گے جب کہ جمعیت علماء اسلام ف کی نمائندگی کے لیے مولانا عبدالغفور حیدری اورمولانا اسعد محمود کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی چیف لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس اہم اجلاس میں شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے یکم جولائی کو طلب کیے گئے قومی سلامتی کے اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال سمیت افغانستان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا ، اجلاس میں مقبوضہ کشمیرکی صورتحال اور فضائی اڈوں کے امریکی مطالبے پربھی غورہوگا، اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام پارلیمانی قیادت کو قومی سلامتی کے ایشوز پران کیمرہ بریفنگ دیں گے۔