جموں میں بھارتی فضائیہ کے سٹیشن پر حملہ بھارت کی طرف سے رچایا گیا ڈرامہ ہے، حریت رہنما

منگل 29 جون 2021 16:35

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے جموں میں بھارتی فضائیہ کے سٹیشن پر حملے کو پاکستان میں اپنی دہشت گرد سرگرمیوں کو چھپانے اورتنازعہ کشمیر سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لئے بھارت کی طرف سے رچایا گیا ڈرامہ قراردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت کی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے گزشتہ کئی سالوں کے دوران کی گئی جعلی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ 2019میں پلوامہ حملہ، 2016میں اوڑی حملہ ،پٹھانکوٹ ائربیس پر حملہ ،سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین دھماکے، حیدرآباد دکن میں مکہ مسجد میں بم حملہ، 2008ء میں مالیگائوں مسجد میں دھماکے اورممبئی حملہ رونگٹھے کھڑی کرنے والی دہشت گرد کارروائیاں ہیںجن کی منصوبہ بندی بھارت کی خفیہ ایجنسیوں نے کی تھی۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ یہ حملے مظلومیت کاکا رڈ کھیل کر بین الاقوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لئے کئے گئے تھے لیکن تحقیقاتی رپورٹوں نے نہ صرف بھارت کے اس مذموم کھیل کو بے نقاب کیا بلکہ ہندو انتہا پسند تنظیموں کے ساتھ ملکر بھارت کی نام نہاد سیکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے کئے جانے والے جرائم سے بھی پردہ اٹھا دیا۔نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین الطاف حسین وانی نے انسانی حقوق کے کشمیری کارکن محمد احسن انتو کو قتل کی دھمکیاں ملنے پرشدید تشویش کا اظہار کیا۔

میر واعظ کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے مظلومیت کا کارڈ استعمال کررہا ہے اور اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے جعلی کارروائیاں کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت خطے میں امن و سلامتی کے لئے ایک سنگین خطرہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی قتل وغارت اور ظلم وجبرکی تازہ لہر سے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے جوپہلے ہی بہت سے مصائب میں گھرے ہوئے ہیں۔