ضلعی انتظامیہ اور کشمیر لبریشن سیل /کشمیرسنٹر میرپورکے زیر اہتمام یوم شہداء کشمیرمنایا گیا

منگل 13 جولائی 2021 14:15

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2021ء) ضلعی انتظامیہ اور کشمیر لبریشن سیل /کشمیرسنٹر میرپورکے زیر اہتمام یوم شہداء کشمیر اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایاگیا کہن13نجولائی 1931 ء کوسنٹرل جیل سرینگر کے سامنے 22 کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تحریک آزادی کشمیراور اسلام کی سربلندی کے لئے جو عظیم قربانی دی تھی اسے پایاتکمیل تک پہنچانے کے لیے جموں وکشمیرکے عوام کسی قسم کی جانی ومالی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

یوم شہداء کشمیر کی دعائیہ تقریب نہایت ہی مذہبی عقیدت، ملی بیداری اور قومی جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔کشمیری شہداء کی روح کے ایصال ثواب اور مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی کے سلسلہ میں دعائیہ تقریب مدرسہ انوار القرآن سنگوٹ میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

دعائیہ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری حق نواز، لبریشن سیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سردار عظیم سرور،مولانا مفتی فضل الرحمن، مولانا فضل اللہ،مفتی حافظ نثار،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، نائب تحصیلدار ھمام شفیق کیانی،فنی ملازمین کے راہنما سیدقیصر شیراز کاظمی،نگران سیل راجہ خالد محمود خان سمیت مدرسہ کے اساتذہ، طلباء نے شرکت کی۔

شہداء کشمیر کے ایصال ثواب کے صبح صادق کے بعد مدرسہ کے طلباء نے قرآن خوانی کی جبکہ قاری عبدالماجد العاصم نے شہدا کشمیر کے لئے دعا کی۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری حق نواز نے کہا کہ ن13جولائی 1931کو سری نگر سنٹرل جیل کے سامنے ڈوگرہ سامراج نے 22بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا تھا 13 جولائی اورشہداء کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے جو قربانیاں دی ہیں انہیں جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔

آج ہمیں اس بات کا اعادہ کرنا ہوگا کہ شہداء نے آزادی اور اسلام کی سربلندی کے لئے جو شمع روشن کی تھی اسے منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہ کیا جائے۔انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی راہ میں قربانیاں دینے والے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے اخرمیں شہداء کشمیر اور پاک فوج کے شہداء کے ایصال ثواب،مقبوضہ کشمیر کی جلد از جلد آزادی،تحریک تکمیل پاکستان کی کامیابی،پاکستان کی ترقی و سلامتی اوردفاع کے لیے بھی دعائیں کی گئی۔