پسنی میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فو ج کا افسر اور سپاہی شہید

دہشت گردوں نے خدابخش بازار میں فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا، سرچ آپریشن کے دور ان اسلحہ برآمد ملک دشمن عناصر بلوچستان میں سخت محنت سے حاصل کئے گئے امن وخوشحالی کو سبوتاژنہیں کر سکتے، سیکیورٹی فورسز سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہیں، آئی ایس پی آر

جمعرات 15 جولائی 2021 13:20

پسنی/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی کے خدا بخش بازار میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے ایک افسر، اور سپاہی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع پسنی میں دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے کیپٹن اور سپاہی شہید ہوگئے۔ دہشت گردوں نے پسنی میں واقع خدابخش بازار میں فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں میں شہید ہونے والے کیپٹن آفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شامل ہیں، واقعہ کے سیکیورٹی فورسز نے بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا ، اس دوران بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں کرنے والے عناصر کو ملک دشمن ایجنسیوں کی مدد حاصل ہے، ملک دشمن عناصر بلوچستان میں سخت محنت سے حاصل کئے گئے امن وخوشحالی کو سبوتاژنہیں کر سکتے، سیکیورٹی فورسز ہرقیمت پر اس طرح کی گھنائونی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

معروف صحافی حامد میر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں شہید آفان مسعود اور ان کے نومولود بچے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ شہید کا دو ماہ قبل ہی بیٹا پیدا ہوا تھا۔