مقبوضہ جموں وکشمیر میں نت نئے بھارتی قوانین کے نفاذ کا مقصد مسلمانوں کو نشانہ بنا نا ہے، فاروق رحمانی

کشمیری عوام بھارت کی طرف سے انہیں خاموش کرانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنائینگے،کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ

ہفتہ 17 جولائی 2021 18:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2021ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کی طرف سے انہیں خاموش کرانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموںوکشمیر میںگائے کے ذبیحہ پر پابندی سمیت بھارت کی طرف سے نافذکئے جانے والے تمام قوانین اورآرڈیننسز کو فرقہ پرستی ،ہندوتوا فسطائیت ،مذہبی ہم آہنگی کے منافی ، ظالمانہ اور ناقابل قبول قرادیا جن کا مقصد مسلمانوں کو نشانہ بنانا ہے۔

انہوں نے کشمیری عوام کی حمایت کو تحریک آزادی کی اصل طاقت قراردیتے ہوئے کہاکہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ محمد فاروق رحمانی نے ان تمام رہنماؤں اور تنظیموں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کا کنوینر منتخب ہونے پرانہیں سوشل میڈیا، ٹیلی فون یا اخبارات کے ذریعے مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کے الفاظ میرے اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے لئے حوصلہ افزائی اور عزت کا باعث ہیں۔